پی ایف ایف بحال منتخب باڈی نے چارج سنبھال لیا

ایڈمنسٹریٹر جسٹس (ر) اسد منیر نے سیکریٹری احمد یار لودھی، نائب صدر سردار نوید حیدر خان کو چارج دیا۔


Sports Reporter March 02, 2018
فیفا کی طرف سے پابندی ختم ہونے کا امکان روشن۔ فوٹو: فائل

KARACHI: 3 سال کے طویل عرصے کے بعد فٹبال کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئیں جب کہ سید فیصل صالح حیات کی منتخب باڈی نے پی ایف ایف کا چارج سنبھال لیا۔

ایڈمنسٹریٹر جسٹس (ر) اسد منیر نے پی ایف ایف کا چارج فیصل صالح حیات کی منتخب باڈی کے حوالے کر ہی دیا، سیکریٹری پی ایف ایف کرنل (ر) احمد یار لودھی اور نائب صدر فیڈریشن سردار نوید حیدر خان نے گزشتہ سہہ پہر فیفا ہاؤس لاہور میں جسٹس (ر) اسدمنیر سے ملاقات کی، طویل نشست کے بعد ایڈمسنٹریٹر نے چارج فیفا کی منظور شدہ باڈی کے حوالے کر دیا۔

اس سے قبل فیصل صالح حیات کی طرف سے ذمہ داری تفویض کیے جانے پر پی ایف ایف کے سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ گزشتہ 2 روز تک فیفا ہاؤس جاتے رہے تاہم بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر وہ پی ایف ایف کا چارج نہ سنبھال سکے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں پی ایف ایف کے 30 جون 2015 کو چھانگلہ میں ہونے والے الیکشن میں فیصل صالح کے انتخاب کو درست قرار دیتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو کسی بھی قسم کی مداخلت سے روک دیا گیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ فیڈریشن کا کنٹرول مذکورہ الیکشن میں منتخب ہونے والی آئینی باڈی کے سپرد کیا جائے، اس سے قبل حکومتی فریق بننے کی وجہ سے فیفا حرکت میں آگئی تھی اور انھوں نے فیصل صالح حیات کی سربراہی پر قائم پی ایف ایف کی ہی حمایت کرتے ہوئے سیاسی مداخلت پر اکتوبر2017 میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی تھی۔

فیصل صالح حیات کی منتخب باڈی کی طرف سے چارج سنبھالنے کے بعد فیفا کی طرف سے پاکستان پر عائد پابندی بھی اٹھائے جانے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔ ادھر صدر پی ایف ایف مخدوم فیصل صالح حیات اور سیکریٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے اسے حق اور سچ کی فتح قرار دیا ہے۔ صدر فیڈریشن کا کہنا ہے کہ وہ کھیل کی بحالی میں جدوجہد پر فٹبال لورز اور میڈیا کے مشکور ہیں۔

ادھر فیفا ہاؤس کا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں سیکریٹری پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 برس سے فٹبال کی ملکی اور انٹرنیشنل سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد کھیل کو جو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اس کا اژالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی پی ایف ایف کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے سمیت متعدد اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

دریں اثنا فیصل صالح حیات کی طرف سے چارج سنبھالنے کی اطلاع کے بعد فٹبال حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، انھوں نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فیصل صالح حیات کے آنے سے نہ صرف پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال ہوں گی بلکہ مستقبل میں یہ کھیل ایک بار پھر دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں