انوشکا شرما کی ’’پری‘‘ پر پاکستان میں پابندی

فلم کے مکالمے اور مناظر ہمارے سماجی اور اخلاقی اقدار پر پورے نہیں اترتے، چیئرمین سنسر بورڈ کا ٹویٹ


ویب ڈیسک March 02, 2018
فلم میں کچھ ایسے مناظر ہیں جو سنسر شپ کے ضابطہ اخلاق پر پورے نہیں اترتے؛ چیئرمین سنسر بورڈ؛ فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی فلم''پری'' کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔

اداکارہ انوشکا شرما کی خوف و دہشت سے بھرپور فلم''پری''کا انتظار بھارت سمیت پاکستانی شائقین بھی بے چینی سے کررہے تھے، فلم میں انوشکا شرما نے خوفناک چڑیل کا کردار ادا کیا ہے اور ان کا ڈراؤنا روپ فلم کی ریلیز سے قبل ہی شائقین میں مقبول ہوچکا ہے۔ فلم آج بھارت اور پاکستان سمیت پوری دنیا میں ریلیز کی جانی تھی تاہم پاکستان میں فلم کی نمائش روک دی گئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ویرات نے انوشکا سے محبت کی انوکھی مثال قائم کردی

نیوپلیکس سینما انتظامیہ کی جانب سے فیس بک پر فلم کی نمائش روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انوشکا شرما کی آج ریلیز ہونے والی فلم''پری''پرسنسر بورڈ آف فلم سنسر پاکستان کی جانب سے پابندی عائد کردی گئی ہے، لہٰذا فلم نیوپلیکس سینما میں نمائش کیلئے پیش نہیں کی جائے گی۔

فیس بک پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ فلم کے ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے تھے جن کے پیسے ہمارے باکس آفس سے واپس لیے جاسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سینما انتظامیہ نے لوگوں کو ہونے والی پریشانی پر معذرت بھی کی۔



ادھر سنٹرل بورڈ آف فلم سنسر (سی بی ایف سی)اسلام آباد کے چیئرمین مبشر حسن نے فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم میں کچھ ایسے مناظر ہیں جو سنسر شپ کے ضابطہ اخلاق پر پورے نہیں اترتے اسی لئے فلم پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ فلم کے کئی مناظر میں کالے جادو کا استعمال دکھایا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پہلے سی بی ایف سی کے پینل نے بعد ازاں پورے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس فلم کو بڑی اسکرین پر نہیں دکھایا جاسکتا۔ مبشر حسن نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ فلم کے مکالمے اور مناظر مذہب، سماج اور اخلاقی اقدار پر پورے نہیں اترتے، یہی وجہ ہے کہ فلم پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

https://twitter.com/BABUCRATE/status/969471276468396032

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں