خیبرپختون خوا اسمبلی میں ارکان کے کوٹ اتروانے پرہنگامہ آرائی

پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی کی تلاشی بھی لی جاتی رہی۔


ویب ڈیسک March 03, 2018
پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی کی تلاشی بھی لی جاتی رہی، فوٹو: فائل

KARACHI: خیبر پختون خوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے دوران ارکان کے کوٹ اتروانے پر تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی ہوگئی۔

خیبرپختون خوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو کوٹ اتار کر ووٹ ڈالنے کا حکم دیا ہے جب کہ پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔ اس پر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی۔ اسپیکر اسمبلی نے کوٹ پہن کر ووٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان اسمبلی نے اس پر شور شرابا کیا۔ ریٹرننگ افسر (آر او) نے ضیااللہ آفریدی اور نگہت اورکزئی کے اعتراض کرنے پر اسپیکر سے کوٹ اتاروادیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا ہنگامہ، حکومت پردھاندلی کا الزام

کوٹ اتارنے کے معاملے پر کچھ ہی دیر بعد اسمبلی میں دوبارہ ہنگامہ آرائی ہوئی جب نگہت اورکزئی اور تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی کے مابین جھڑپ ہوگئی۔ نگہت اورکزئی نے کوٹ نہ اتارنے پر اعتراض کیا تو فضل الٰہی غصے میں آگئے اور بولے روک سکتے ہو تو روک لو کوٹ نہیں اتاروں گا لیکن الیکشن عملے کے کہنے پر فضل الہی کو کوٹ اتارنا پڑا جس کے بعد انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت ملی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سینیٹ الیکشن میں بھی ووٹ ڈالنے نہیں آئے

کے پی اسمبلی میں صوبائی وزیر مشتاق غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام جماعتوں سے تعاون کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی تمام تر قواعد و ضوابط پورے کررہے ہیں، سینیٹ انتخابات پرامن طریقے سے ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن، اے این پی اور جماعت اسلامی مل کر سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم نے میرٹ پر امیدواروں کو ٹکٹ دیے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں