پی ایس ایل تھری میں ہیٹ ٹرکس کا موسم آ گیا

ملتان سلطانزکی نمائندگی کرنے والے جنید کے بعد عمران طاہرنے بھی اعزاز پالیا


Sports Desk March 04, 2018
پرفارمنس اہلیہ اوربیٹے کے ساتھ گراؤنڈ میں موجودشائقین کے نام کرتا ہوں،اسپنر۔ فوٹو: پی ایس ایل

پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرکس کا موسم آ گیا جب کہ رواں ایڈیشن میں جنید خان کے بعد عمران طاہر بھی یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب رہے۔

جنوبی افریقی اسٹار نے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں دوسری بار یہ اعزاز پایا، وہ ملتان سلطانز کیلیے ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر بنے، ان سے قبل اسی سیزن میں 23 فروری کو لاہور قلندرز کیخلاف جنید خان نے تین لگاتار وکٹیں اڑائی تھیں۔

مجموعی طور پر یہ پی ایس ایل کی تیسری ہیٹ ٹرک شمار ہوئی، پہلی بار یہ اعزاز کراچی کنگز کے محمد عامر نے5 فروری2016 کو لاہور قلندرز کیخلاف حاصل کیا تھا۔

عمران طاہر نے ہفتے کی شب پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف تین لگاتار وکٹیں حاصل کرکے تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا، انھوں نے حسن خان،جون ہیسٹنگزاور راحت علی کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہیں دی، اس عمدہ بولنگ کی بدولت پہلے بیٹنگ کرنے والی کوئٹہ کی ٹیم 102 رنز تک محدود ہوگئی، ملتان سلطانز نے آسان ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرکے مقابلہ جیت لیا۔

عمران نے 2.4 اوورز میں 19رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں، انھوں نے بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک پرفارمنس اہلیہ اوربیٹے کے ساتھ گراؤنڈ میں آنے والے تمام شائقین کے نام کردی۔

عمران نے کہا کہ ایک موقع پر حریف کپتان سرفراز احمد عمدہ بیٹنگ کررہے تھے لہذا ہم نے بطور ٹیم چند منصوبے بنائے، وکٹ اسپن بولنگ میں مددگار نہیں تھی لیکن میں ہمیشہ کچھ مختلف کرنے پر یقین رکھتا ہوں، میری کاوش ٹیم کیلیے کارگر رہی جس کی خوشی ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 3 ہیٹ ٹرک اب تک 2 بولرز بھارت کے امیت مشرا اور آسٹریلوی بولر اینڈریو ٹائی نے بنائی ہیں، لیونکس کیش، ٹم ساؤتھی، یوراج سنگھ ، الامین حسین اور عمران طاہر 2،2 بار یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں