گوادر میں سرمایہ کاری کے لیے لندن کی بسوں پر تشہیری مہم

اشتہاری مہم ایک ماہ جاری رہے گی جس کے لیے 100 بسوں پر اشتہارات آویزاں کیے گئے ہیں۔


ویب ڈیسک March 04, 2018
اشتہارات کے ذریعے لندن کے سرمایہ کاروں کو گوادر کی جانب راغب کیا جارہا ہے۔ فوٹو : سوشل میڈیا

لندن کی شاہراہوں پر دوڑتی ہوئی بسوں پر گوادر میں ہونے والی ترقی و معاشی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اشتہارات آویزاں کردیئے گئے۔

لندن میں چین پاکستان انویسٹمنٹ کارپوریشن کی جانب سے اشتہاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے لیے لندن کی 100 بسوں پر ایک ماہ کے لیےگوادر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اشتہاری بینرز لگوائے گئے ہیں۔ یہ ڈبل ڈیکر بسیں وسطی لندن کے 17 بڑے روٹس پر چل رہی ہیں، بینرز پر جلی حرفوں سے ''دی گیٹ وے ٹو امرجنگ پاکستان گوادر'' کا عنوان خوبصورتی سے تحریر کیا گیا ہے۔

یہ بینرز 100 بسوں پر ایک ماہ کے لیے آویزاں رہیں گے، بسوں کے ذریعے کی گئی تشہیری مہم 10 لاکھ سے زائد افراد پر اثرانداز ہو گی جس کا مقصد گوادر میں ہونے والی ترقی سے دنیا کو آگاہ کرنا، زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنا اور ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا ہے جس سے گوادر میں لندن کے سرمایہ کار بھی اپنے اپنے شعبے میں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔

پاک چین اقتصادی راہداری پروجیکٹ پاکستان اور چین کے اشتراک سے کامیابی کی منازل طے کرتا ہوا تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے جس کے ذریعے نہ صرف یہ کہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ دنیا بھر سے تجارتی سامان گوادر پورٹ اور پھر سی پیک کے ذریعے ملک کے طول و عرض میں بھی منتقل کیا جا سکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔