اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 154 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں باآسانی پورا کرلیا


ویب ڈیسک March 04, 2018
بابر اعظم اور خرم منظور نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پی ایس ایل ٹوئٹر

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔

شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ تھری کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دیدی، کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا۔



اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز جے پی ڈومنی اور لیوک رونچی نے جارحانہ انداز میں کیا اور 104 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم لیوک رونچی نے 37 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے۔ ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی حسین طلعت 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد جے پی ڈومنی اور آصف علی نے زمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 154 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں پورا کرلیا۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے کیا تاہم صرف 6 کے مجموعی اسکور پر جوئے ڈینلی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی بابر اعظم اور خرم منظور نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں کھلاڑیوں نے 101 رنز کی شراکت قائم کی تاہم خرم منظور 51 رنز بناکر 107 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔



بابراعظم اور خرم منظور کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن انگرام اور کپتان عماد وسیم بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے، کولن انگرام ایک اور کپتان عماد وسیم 10 رنز بنانے کے بعد 138 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 9 گیندوں پر 21 رنز بنائے جس کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔