ڈہرکی کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کامیاب فنکشنل لیگ نے نتائج مسترد کردیے

پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 48 ہزار 114 اور فنگشنل لیگ کے امیدوار نے 36 ہزار 987 ووٹ حاصل کیے۔


ویب ڈیسک March 05, 2018
پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 48 ہزار ور فنگشنل لیگ کے امیدوار نے 36 ہزار ووٹ حاصل کیے۔ فوٹوفائل

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 7 میں ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالباری پتافی 48 ہزار 114 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ فنکشنل لیگ نے نتائج مسترد کردیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سردار احمد علی پتافی کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 7 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام پولنگ اسٹیشن کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔

غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار نے فنکشنل لیگ کے امیدوار کو شکست دے دی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالباری پتافی نے 48 ہزار 114 ووٹ حاصل کیے جب کہ فنگشنل لیگ کے میاں عبدالمالک نے 36 ہزار 987 ووٹ حاصل کیے۔

دوسری جانب مسلم لیگ فنکشنل نے گھوٹکی ضمنی انتخاب کے غیر حتمی نتائج یکسر مسترد کردیے۔ پارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام نہاد دعویداروں نے گھوٹکی ضمنی الیکشن میں جمہوری روایات کی دھجیاں بکھیر دیں، پیپلزپارٹی نے ضمنی الیکشن میں سرکاری سرپرستی میں دھونس دھاندلی سے الیکشن جیتنے کی کوشش کی جب کہ 60 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج 3 گھننٹے سے زائد روکنا معنی خیز ہے اورفنکشنل لیگ نے دھاندلی کے خدشات سے الیکشن کمیشن کو پہلے ہی تحریری طور پر آگاہ کردیا تھا، 2018 کے عام انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کا سندھ سے بھی صفایا کردیں گے۔

حلقے کے 164 پولنگ اسٹیشن میں سے 103 حساس قرار دئیے گئے تھے جب کہ حلقہ پی ایس 7 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 843 ہے۔ مرد و خواتین کیلیے 36، 36 جبکہ 94 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔ ضمنی انتخابات کے موقع پرکسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلیے 3 ہزار سے زائد پولیس کے جوان اور افسروں سمیت رینجرز کے جوان بھی پولنگ اسٹیشن پر تعینات کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں