پختونخوا اسمبلی پی ٹی آئی کے 17 سے 20 ارکان بک گئے عمران خان برہم

ووٹ فروخت کرنے والوں میں اکثریت خواتین ارکان، وزیر اعلیٰ پرویزخٹک نے پارٹی چیئرمین کو ابتدائی رپورٹ دے دی

آخری رات بولی 8 کروڑ تک پہنچ گئی، آئندہ الیکشن کے لیے صاف ستھرے لوگوں کو ٹکٹ مل سکیں گے، شوکت یوسفزئی۔ فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک سے رابطہ کرکے حالیہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ پر برہمی کا اظہارکیا ہے۔

عمران خان نے حالیہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے رابطہ کیا۔اس موقع پر پرویزخٹک نے پی ٹی آئی چیئرمین کو ہارس ٹریڈنگ سے متعلق پارٹی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عمران خان کو بتایا کہ پارٹی کے 17 سے 20 ارکان اسمبلی نے ووٹ فروخت کیے۔انھوں نے بتایا کہ ووٹ فروخت کرنے والوں میں اکثریت پی ٹی آئی کی خواتین ارکان کی ہے۔


وفاداری تبدیل کرنے میں ناراض پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ ساتھ کئی اہم ایم پی ایز بھی شامل ہیں، عمران خان نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو ووٹ فروخت کرنے والے ارکان کی فہرست جلد از جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ الیکشن سے ایک رات قبل ایک جنرل ووٹ کی قیمت 8کروڑتک پہنچ گئی۔

رکن اسمبلی شوکت علی یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر ووٹ قیمت کم تھی تاہم الیکشن سے ایک رات قبل 5 سے 8کروڑروپے تک پیشکش کی جاتی رہی۔

شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ جو لوگ ووٹ بیچ رہے ہیں ہم ان پرخوش ہیں تاکہ عام انتخابات سے قبل ہی تحریک انصاف میں صفائی ہوجائے گی اور آئندہ الیکشن کے لیے صاف ستھرے لوگوںکو ٹکٹ مل سکیںگے۔

 
Load Next Story