بلوچستان میں انتخابات کیلیے ماحول سازگار نہیں ڈاکٹر عبدالحئی

فوجی آپریشن فوری بند کیا جائے،بلوچستان کے وسائل پر اسٹیبلشمنٹ کا قبضہ ہے.


INP April 03, 2013
اکبر بگٹی ،بالاچ مری سمیت بلوچ عوام کے قتل میں ریاستی ادارے ملوث ہیں، پریس کانفرنس. فوٹو : فائل

نیشنل پارٹی کے بانی اور بزرگ سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابات کا اعلان توکیا گیا مگر بلوچستان کے حالات کو انتخابات کیلیے سازگار بنانے کیلیے کوئی کردار ادا نہیں کیا گیا۔

ہم انتخابات میں احتجاجاََ حصہ لے رہے ہیں، بلوچستان میں ریاستی دہشتگردی مزید بڑھ گئی ہے ،بلوچوں کو مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہے ،ملک میں انتخابات کا ڈھونگ رچایا جارہا ہے، بلوچستان میں انتخابات کیلیے ماحول ساز گار نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر حئی نے کہا کہ بلوچستان میں فوجی آپریشن جاری ہے الیکشن بلوچستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے ، بلوچستان کے وسائل پر اسٹیبلشمنٹ کا قبضہ ہے۔



بلوچستان میں آقا اور غلام کا نظام رائج کیا جارہا ہے ، بلوچستان کے حالات کو بہتر کرنے کیلیے فوجی آپریشن کو فوری طور بند کیا جائے ،لاپتہ افراد کو ظاہر کیا جائے اور مسخ شدہ لاشوں کا سلسلہ بند کیا جائے ،جب تک بلوچستان میں بندوق کی نوک اور طاقت کا استعمال کیا جائیگا بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، نواب اکبر بگٹی ،بالاچ مری سمیت بلوچ عوام کے قتل میں ریاستی ادارے اور ملک کی اسٹیبلشمنٹ ملوث ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں