پارٹی ٹکٹ ذاتی خواہش پر نہیں میرٹ پر دیں گے بلاول بھٹو

کوئی اختلاف نہیں، عوام ہماری طاقت ہیں، الیکشن کی تیاری کی جائے، پارلیمانی بورڈز سے خطاب


Staff Reporter April 03, 2013
سیاسی سرگرمیوں کا آغاز، انتخابی مہم کیلیے کمیٹیاں قائم،کارکنوں کے احتجاج کی رپورٹ طلب۔ فوٹو : فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کیلیے پارٹی ٹکٹ کسی کی ذاتی خواہش پر نہیں بلکہ پارلیمانی بورڈز کی سفارشات کی روشنی میں میرٹ پر جاری کیے جائیں گے۔

پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ، یہ شہید بھٹو کی جماعت ہے، عوام ہماری طاقت ہیں۔ آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے کامیابی حاصل کی جائے گی، منفی پروپیگنڈے سے پارٹی کی عوامی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔ پارٹی کے رہنما اورکارکنان انتخابات کی تیاری کریں ، پورے ملک میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی جائے گی ، میں خود انتخابی مہم کے نگرانی کروں گا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو بلاول ہاؤس میں وڈیو لنک کے ذریعے پارٹی کے مرکزی اور چاروں پارلیمانی بورڈز کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے مرکزی اورچاروں صوبائی پارلیمانی بورڈز کے سربراہوں اور اراکین سے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی اور آئندہ انتخابات پر طویل صلاح مشورے کیے۔ بلاول نے وطن واپسی کے بعد سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مختلف اضلاع میں پارٹی کارکنان کے مظاہروں اور احتجاج کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مرکزی اور صوبائی قیادت سے24گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول نے مرکزی اور چاروں صوبائی پارلیمانی بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ 2 روز میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے لسٹیں مرتب کرکے دی جائیں ۔

14

بلاول بھٹو زرداری پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے تمام معاملات ، انتخابی مہم اور دیگر پارٹی معاملات کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں اور انھوں نے بلاول ہاؤس میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری شہید بھٹو کی برسی کے بعد ناراض رہنماؤں سے خود ملاقاتیں کریں گے جبکہ انتخابی حکمت عملی کی تیاری کیلیے وہ آئندہ چند روز میں پارٹی کے صوبائی اور ضلعی صدور،عہدیداران اور متوقع امیدواران سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ پارلیمانی بورڈز سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میری والدہ اور پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹوکی مفاہمتی پالیسی اور والد آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کے سبب ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی۔

پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے اور ہم نے عوام کے مسائل پہلے بھی حل کیے ہیں،آئندہ برسراقتدار آے تو مزید بہتر انداز میں عوام کی خدمت کریں گے ۔ انھوں نے پارلیمانی بورڈز کو ہدایت کی کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں سینئررہنماؤں ،کارکنان اور ضلعی قیادت کی سفارشات کو مدنظر رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں پیپلزپارٹی جلد اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردے گی ، پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں انتخابی مہم کیلیے7کمیٹیاں قائم کردی ہیں ۔ مرکزی سطح پر امین فہیم کمیٹی کی نگرانی کرینگے جبکہ پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔

بالائی پنجاب میں انتخابی مہم راجا پرویز اشرف ، وسطی پنجاب میں منظور وٹو ، جنوبی پنجاب میں یوسف رضاگیلانی ، سندھ میں قائم علی شاہ ،خیبرپختونخوا میں انور سیف اللہ جبکہ بلوچستان میں صادق عمرانی اور سردار فتح محمد حسنی کی نگرانی میں انتخابی مہم چلائی جائے گی جبکہ بلاول بھٹو زرداری تمام انتخابی مہم کی خود نگرانی کریں گے اور مرکزی جلسوں سے خطاب بھی کریں گے۔ ملک بھر میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز10اپریل سے ہوگا اور ملک بھر میں20مرکزی جلسوں کے علاوہ صوبائی اور ضلعی سطح پر جلسوں کے علاوہ ہر علاقے میں کارنرمیٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے بھرپور رابطوں کیلیے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں