شاہد خاقان کی نیپالی ہم منصب سے ملاقات تعاون بڑھانے پراتفاق

کٹھمنڈو میں پرتپاک اسقبال، وزیر اعظم سارک کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملے

پاکستان نیپال میں جمہوری عمل کی تکمیل کاخیرمقدم کرتاہے، شاہد خاقان۔ فوٹو: اے پی پی

MULTAN:
پاکستان اورنیپال نے معیشت، تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان اور نیپال کے درمیان کے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق رائے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اوران کے نیپالی ہم منصب کھدگا پرشادشرما اولی کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے نیپالی ہم منصب کووزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دینے کے لیے کھٹمنڈو پہنچے تھے۔

وزیر اعظم نے کھدگا پرسادشرما اولی کونیپال کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے ان کے انتخاب پربھی مبارکباددی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی اہمیت کے تمام امورپربات چیت کی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان نیپال میں جمہوری عمل کی تکمیل کاخیرمقدم کرتاہے اور امید ہے کہ اس سے پائیدارامن کے نئے دور کا اغازہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نیپال کی یکجہتی، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کواولین اہمیت کا معاملہ تصورکرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ امربڑا حوصلہ افزاء ہے کہ نیپال میں جمہوری عمل پھل پھول رہا ہے اوراس بات پر زوردیاکہ سیاسی استحکام اقتصادی ترقی کی کلید ہے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کئی عشروں سے اچھے دوست ہیں اور ثقافت، سیاحت،کھیلوں اورتعلیم کے میدان میں اشتراک کار کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے سارک کوعلاقائی ممالک کے مابین تعاون کی جستجوکیلئے ایک اہم پلیٹ فارم تصور کرتے ہوئے اس کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ اس امرکو اجاگرکیا گیا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان اقتصادی روابط سیاسی تعلقات کومزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاک۔نیپال مشترکہ اقتصادی کمیشن اور مشترکہ اقتصادی کونسل کوازسرنوفعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور نیپال کے درمیان بین الاقوامی فورموں پرتعاون پراطمینان کااظہارکیا۔ ایک اہم علاقائی تنظیم کی حیثیت سے سارک کو ازسرنومضبوط بنانے کے طریقوں پربھی بات چیت ہوئی۔


بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نیپالی وزیراعظم کھدگا پرشاد شرما اولی نے وفودکی سطح پر مذاکرات کئے جس میں دونوں ممالک کے وزراء نے شرکت کی۔

قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اعزازمیں نیپالی وزیراعظم کھدگا پرسادشرما اولی نے پیرکی شام عشائیہ کا اہتمام کیا۔ ضیافت میں نیپالی حکومت کے سینئر عہدیداران اور پاکستانی وفد کے ارکان نے شرکت کی۔

کھٹمنڈوپہنچنے پرنیپال کے وزیر خزانہ یوباراج کاٹی واڈا نے تری بھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

نیپال کے وزیراعظم کھدکا پرشاد شرما اولی نے آرمی پویلین تندی خیل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پرتپاک خیرمقدم کیا، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سارک کے سیکرٹری جنرل امجد حسین بی سیال سے ملاقات کی اس موقع پرانہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) ایک اہم فورم ہے جسے اپنی حقیقی صلاحیتوںسے مستفیدہونے کیلئے رکن ممالک کی طرف سے سنجیدہ اورمخلصانہ کوششیں درکار ہیں، پاکستان سارک میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

 
Load Next Story