پاکستان اور بھارت کے درمیان سنگاپور میں خفیہ مذاکرات کاانکشاف

ڈپلومیسی کے تحت 2روزہ مذاکرات ہوئے، سابق سفارتکار،ریٹائرڈ فوجی وسول افسران کی شرکت

ڈپلومیسی کے تحت 2روزہ مذاکرات ہوئے، سابق سفارتکار،ریٹائرڈ فوجی وسول افسران کی شرکت فوٹو: فائل

پاکستان اوربھارت کے درمیان مسئلہ کشمیرکے حل کیلیے ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے تحت خفیہ مذاکرات شروع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

مقبوضہ کشمیر سے شائع ہونے والے ایک اخبار نے باوثوق ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں سنگاپورمیں ٹریک ٹوڈپلومیسی کے تحت مذاکرات کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں دونوں ممالک کے سابق سفارتکار ریٹائرڈ فوجی و سول افسران شامل ہیں مذاکرات میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر مسئلہ کشمیرکے حل کی ضرورت محسوس کی گئی۔




ذرائع کاکہنا ہے کہ مذاکرات2دن تک جاری رہے،اگرچہ مذاکرات کے اختتام پرکوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تاہم مستقبل قریب میں بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرسلمان بشیر نے دو روز قبل نئی دہلی میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلیے ایک نئے روڈ میپ پرغور شروع کردیا ہے اور پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا خواہاں ہے اورآئندہ چند دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خصوصا تجارتی امور پر اہم پیشرفت ہوسکتی ہے۔
Load Next Story