نابینا افراد پر تشدد کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع

حکومت کے نابینا افراد کے ساتھ روا رکھے گئے رویے پر انتہائی غم و غصہ پایا جاتا ہے، تحریک التوا کا متن

لاہور میں پولیس نے احتجاج کرنے والے نابینا افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز نابینا افراد پر تشدد کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رکن شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی ہے، تحریک التوا میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نابینا افراد نے اپنے حق کے حصول کے لیے احتجاج کیا لیکن ان کے مطالبات کی منظوری تو ایک طرف رہ گئی بلکہ دوسری طرف ظلم و بربریت کی انتہا کی گئی، ان پر پولیس کی جانب سے کئی بار حملہ کیا گیا، کیا نابینا افراد اس طرح کے ہتک آمیز سلوک کےحقدار ہیں۔


تحریک التوا میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کے نابینا افراد کے ساتھ روا رکھے گئے رویے پر انتہائی بےچینی، اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ نابینا افراد کا کہنا ہے کہ کیا ہم پاکستان کے شہری نہیں ہیں، کیا ہمیں اپنا حق مانگنے کی اجازت نہیں ہے۔ ہم بھی پاکستان کے مفید شہری بن سکتے ہیں لیکن ہم پر اعتماد تو کیاجائے۔

تحریک التوا کے متن میں استدعا کی گئی ہے کہ کیا نابینا افراد اس طرح کے ہتک آمیز سلوک کے حقدار ہیں۔ حکمرانوں یا بیوروکریٹس کی اولاد میں اگر کوئی نابینا یا معذور بچہ ہو تو کیا وہ ایسا سلوک ان سے روا رکھیں گے۔ تحریک کو باضابطہ قرار دے کر اس پر ایوان میں بحث کرنے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پولیس نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے نابینا افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
Load Next Story