صدر فوڈ اسٹریٹ اور نائٹ بازار منصوبہ جون میں مکمل ہوگا

دونوں مقامات صرف پیدل چلنے والے لوگوں کیلیے مخصوص ہوں گے اور یہاں ٹریفک ممنوع ہوگی۔


Syed Ashraf Ali March 07, 2018
دونوں مقامات صرف پیدل چلنے والے لوگوں کیلیے مخصوص ہوں گے اور یہاں ٹریفک ممنوع ہوگی۔فوٹوفائل

کراچی کے اہم ترین تجارتی وتاریخی مرکز صدر میں میرکرم علی تالپور روڈ پر فوڈ اسٹریٹ اور راجہ غضنفر علی روڈ پر نائٹ بازار کا منصوبہ جون میں مکمل کرلیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی ایمپریس مارکیٹ کے تاریخی پس منظر کا احیا اور صدر کے علاقوں کی تعمیر نو کا منصوبہ چار سال قبل شروع کیا گیا تاہم کئی وجوہ کی بنا پر یہ تاخیر کا شکار ہوا،اس پروجیکٹ کے تحت پانچ سڑکوں کی تعمیر نو اورجہانگیر پارک کی ازسرنو تعمیر کردی گئی،میر کرم علی تالپور روڈ پر فوڈ اسٹریٹ اور راجہ غضنفر علی روڈ پر نائٹ بازار کیلیے تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے،اس منصوبے کا افتتاح جون میں کردیا جائے گا۔

متعلقہ افسران کے مطابق اصل پروجیکٹ ایمپریس مارکیٹ وقرب جوار کی بحالی وازسر نو تعمیر ہے،ایمپریس مارکیٹ تاریخی ورثہ ہے جس کی بحالی کیلیے یہ منصوبے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف میں بتدریج عمل درآمدکیے جارہے ہیں،شہری اپنے ثقافتی اورتاریخی ورثے کو حقیقی شکل میں دیکھ سکیں،علاوہ ازیں صدر کے علاقوں کو تجاوزات ،آلودگی اورگندگی سے پاک کرنا، پبلک ٹرانسپورٹ کی ری روٹنگ پر عملدرآمد اور لائنز ایریا پارکنگ پلازہ تا صدر شٹل بس سروس کا آغاز بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

متعلقہ افسران نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت جہانگیر پارک کی ازسرنو تعمیر کردی گئی، پانچ سڑکوںکی تعمیر نو بھی ہوچکی، ان سڑکوںمیں مینز فیلڈ اسٹریٹ،میرکرم علی تالپور روڈ، راجہ غضفنر علی روڈ،سرور شہید روڈ اور شاہراہ عراق شامل ہیں ، متعلقہ افسران نے بتایا کہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل پرانا و بوسیدہ پانی وسیوریج کا نظام مکمل طور پر تبدیل کردیا گیا جس سے صدرکے رہائشیوں کو فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے نجات مل گئی۔

صدرکے علاقوں میں3.25کلومیٹر پانی کی نئی لائنوں کی تنصیب اور تقریباً 4کلومیٹر سیوریج لائنوں کی تنصیب کی گئی، مصروف ترین علاقے لکی اسٹار تا آواری ہوٹل48انچ کی سیوریج کی مرکزی لائن ڈالی گئی جو کافی مشکل کام تھا تاہم بخوبی انجام دیا گیا صوبائی محکمہ بلدیات کے انجینئرزکے مطابق مذکورہ سڑکوں کوبین الاقوامی اسٹینڈرڈ پر تعمیر کیا گیا،سڑکوں کی فائنل کارپیٹنگ کردی گئی، میرکرم علی تالپور روڈ اور راجہ غضنفر علی روڈ کے ان مخصوص مقامات جہاں فوڈ اسٹریٹ اور نائٹ بازار تعمیر کیا جارہا ہے وہاں کارپیٹنگ کے بجائے پیور پلاکس لگائے جارہے ہیں، پیدل چلنے والوں کیلیے آسانی رہے، میرکرم علی تالپور روڈ پر فوڈ اسٹریٹ کا قیام اے ون بیکری تا پریڈی اسٹریٹ ہوگا، راجہ غضنفرعلی روڈ پر نائٹ بازار پریڈی اسٹریٹ تا بینک الحبیب تعمیرکیا جارہا ہے، فوڈ اسٹریٹ اور نائٹ بازار کے مقامات پر پیور بلاکس کی تنصیب اور دیگر تعمیرات جاری ہیں جو جون تک مکمل کرلی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں