نیب ریفرنسز کی سماعت خراب طبیعت کی وجہ سے نواز شریف کو رخصت

نواز شریف کے وکیل کا قومی اسمبلی میں خطاب کو عدالتی کارروائی کا حصہ بنانے پر اعتراض


ویب ڈیسک March 07, 2018
نوازشریف کی کارروائی سے استثنی کی استدعا وکیل خواجہ حارث کی جانب سے کی گئی: فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے طبیعت خراب ہونے کے باعث نواز شریف کو گھرجانے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے خلاف پیشی کے لیے پہنچے۔

سماعت کے دوران نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے استدعا کی کہ نوازشریف کی طبیعت خراب ہے اس لیے انہیں جانے کی اجازت دی جائے، جس پرعدالت نے نواز شریف کو جانے کی اجازت دے دی۔

سماعت کے دوران شریف خاندان کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس میں گواہ شاہد محمود کا بیان قلمبند کرلیا گیا، انہوں نے بتایا کہ وہ سرکاری ٹی وی میں بطور پروڈیوسر کرنٹ آفیئرز کام کررہے ہیں، انہوں نے وی ٹی آر سے ٹیپ ریکارڈ لے کر نواز شریف کی تقریروں کی ڈی وی ڈیز تیار کرائیں، نواز شریف کے قوم اور قومی اسمبلی سے خطاب کی ویڈیو اور متن نیب کو فراہم کیا۔

خواجہ حارث کا نواز شریف کے قومی اسمبلی میں خطاب کو عدالتی کارروائی کا حصہ بنانے پر اعتراض کردیا،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے ذاتی مقصد کے لئے قومی اسمبلی کا ایوان استعمال کیا، ان کی تقریر کا ایوان کی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں تھا، اس لئے نواز شریف کی اس تقریر پر آرٹیکل 66 کا اطلاق نہیں ہوسکتا۔

عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے جب کہ گزشتہ سماعت پر 3 گواہوں کے بیانات قلمبند نہیں کیے جا سکے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں