سندھ میں شیل گیس کے وسیع ذخائر ملنے کا امکان

کنڑ پساکھی میں شیل ذخائر کے ثبوت مل گئے، تلاش کیلیے جگہ کاتعین،جون سے کام شروع ہونے کاامکان۔

اوجی ڈی سی ایل اور پی پی ایل مل کرکام کرینگے،کامیابی کی توقعات بہت زیادہ ہیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

ملک میں شیل گیس کے ذخائر کی دریافت کے سلسلے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جب کہ او جی ڈی سی ایل نے سندھ میں کنٹر پساکھی کے مقام پر شیل گیس کی تلاش کے لیے جگہ کا تعین کرلیاہے۔

او جی ڈی سی ایل ذرائع کے مطابق شیل گیس کی موجودگی کے حوالے سے ملک بھر میں سروے کرائے گئے، سروے اور تحقیق کے بعد ملنے والی معلومات کی روشنی میں سندھ میں شیل گیس کے وسیع ذخائر پائے جانے کے ثبوت ملے ہیں، کنڑ پساکھی کے مقام پر شیل گیس کے ذخائر موجود ہیں اور اس علاقے میں شیل گیس کی تلاش کی سرگرمی شروع کرنے کے لیے جگہ کا تعین کرلیا گیا ہے۔

غالب امکان ہے کہ جون تک کام کاآغاز کر دیا جائے گا، اس جگہ پر پہلا کنواں آزمائشی بنیادوں پر کھودا جائے گا اور اسے تجارتی بنیادوں کے بجائے صرف تلاش کی مزید سرگرمیوں کے سلسلے میں تحقیقی مقاصد کے لیے استعمال کیاجائے گا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کنڑ پساکھی میں نشاندہی کی گئی جگہ پر شیل گیس ملنے کے زیادہ امکانات ہیں، اس مقام پر او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل مل کر کام کریں گے۔ ذرائع نے بتایاکہ او جی ڈی سی ایل نے دیگرکمپنیوں کو بھی شیل گیس کی تلاش کے لیے مل کر کام شروع کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم نجی کمپنیوں نے کوئی مثبت جواب نہیں دیاگیا۔


شیل گیس ڈھونڈنے کی سرگرمیاں انتہائی مہنگی اور کامیابی کی شرح کم ہونے کی وجہ سے کمپنیاں اس سلسلے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہی ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے شیل گیس کی پالیسی کا اعلان بھی نہیں کیاگیا، سرکاری سطح پر مراعات نہ ہونے کے باعث بھی اس جانب کمپنیوں کا رجحان کم ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ دیگر روایتی گیسوں کی نسبت شیل گیس پر زیادہ اخراجات آتے ہیںاور ملنے والی گیس کا حجم کم ہوتا ہے اس لیے کمپنیاں اس جانب سرمایہ کاری میں دلچسپی نہیں لے رہیں، اگر اوجی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کا یہ منصوبہ کامیاب ہوجاتاہے تو اس سے نہ صرف ملک بلکہ عالمی سطح پر بھی اچھا رجحان قائم ہوگا اور دیگر کمپنیاں بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری پر آمادہ ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے شیل ذخائر کی تلاش کے لیے سرگرمیوں کو توسیع دی ہے، روایتی گیس کی تلاش کی کامیاب سرگرمیوں میں تحقیق کی جاتی ہے کہ اس دریافت میں شیل گیس کی موجودگی کے کتنے امکانات ہیں۔

اس سلسلے میں اوجی ڈی سی ایل کے اعلیٰ افسر نے بتایاکہ کمپنی شیل گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کے سلسلے میں انتہائی احتیاط سے کام لے رہی ہے اور تمام تر پہلوؤں کو ملحوظ خاطر رکھا جا رہا ہے کیونکہ اس سرگرمی کے مطلوبہ نتائج بر آمد نہ ہونے سے منفی پیغام جائے گا۔ انھوں نے امید ظاہرکی ہے کہ جس مقام کی نشاندہی کی گئی ہے وہاں پر کامیابی کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔
Load Next Story