سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر نے ایم کیو ایم رکن کو ایوان سے باہر نکال دیا

مجھے معلوم ہے کیا ہونے والا ہے اور مجھے آپ کا حال بھی معلوم ہے، ڈپٹی اسپیکر کا محمد حسین سے مکالمہ


ویب ڈیسک March 08, 2018
شہلا رضا نے اپوزیشن رکن محمد حسین کو ایوان سے نکالنے کے لیے عملے کوطلب کرلیا۔ فوٹو:فائل

KARACHI: سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین کو ایوان سے ہی باہر نکلوادیا۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تکرار اور لفظی جنگ روز کا معمول بن گیاہے، آج قائم مقام اسپیکر شہلا رضا اور ایم کیو ایم کے 2 ارکان الجھ پڑے، نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ شہلا رضا نے اپوزیشن رکن محمد حسین کو ایوان سے نکالنے کے لیے عملے کوطلب کرلیا۔ اجلاس کے دوران جھڑپوں کا آغاز پہلے ایم کیو ایم کے رکن محفوظ یارخان اور قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کے مابین ہوا، محفوط یارخان نے گزشتہ روز کی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے احتجاج کیا توشہلا رضا کا پارہ چڑھ گیا جس پر وہ ناراض ہوکر ایوان سے واک آوٹ کرگئے۔

اس معاملے کے بعد ایم کیوایم کے ایک اور رکن محمد حسین نے سوال کرنے کی کوشش کی تو ان سے بھی شہلارضا الجھ پڑیں، محمد حسین نے کہا کہ آپ مجھ سے اس طرح سے بات نہیں کرسکتیں، جس پر شہلا رضا نے کہا کہ 'میں اس طریقے سے بات کر سکتی ہوں، آپ کو جو کرنا ہے کر لیں ۔آپ کو نہیں معلوم کیا ہونے والا ہے لیکن مجھے معلوم ہے اور مجھے آپ کا حال بھی معلوم ہے۔

شہلا رضا نے پہلے محمد حسین کا مائک بند کرایا اور پھرانہیں ایوان سے نکالنے کے لیے اسمبلی کے عملے کوطلب کرلیا تاہم اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن آڑے آگئے اور معاملہ ختم کرایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔