عمران خان کا اپنی سینیٹ نشستیں وزیراعلیٰ بلوچستان کو دینے کا اعلان

سینیٹ چیئرمین (ن) لیگ کا ہوا تو یہ نواز شریف کو کرپشن کی اجازت دینے کا قانون بنانے کی کوشش کریں گے، عمران خان


ویب ڈیسک March 08, 2018
عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے دل بڑا کر کے ہماری حمایت کی، وزیراعلیٰ بلوچستان۔ فوٹو ٹوئٹر

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی سینیٹ کی 13 نشستیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو دینے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے، اس حوالے سے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنی سینیٹ کی 13 سیٹیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ سینیٹ کا چیئرمین (ن) لیگ سے نہ ہو کیوں کہ (ن) لیگ والے جمہوریت کے نام پر لوٹنے والے لوگ ہیں یہ نوازشریف کوکرپشن کرنے کی اجازت دینے کا قانون بنانے کی کوشش کریں گے۔

سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے، عمران خان


عمران خان نے کہا کہ جب سے پاناما کیس سامنے آیا ہے (ن) لیگ والے نواز شریف کی چوری بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ ہر اس ادارے پر حملہ کر رہے ہیں جو ان کا غلام نہیں، یہ کبھی فوج پر حملہ کرتے ہیں تو کبھی سپریم کورٹ پر، یہ جمہوری رویہ نہیں ہے ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے دل بڑا کرکے ہماری حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حاصل بزنجو کو ہم اب بھی نواز شریف کی ٹیم میں سمجھتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہماری ٹیم میں آجائیں۔

چیرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ بلاول کریں گے، آصف زرداری


بعد ازاں آصف زرداری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا فیصلہ سب دوستوں کی مشاورت سے ہو گا، دیکھیں گے کہ بلوچستان کو کس طرح اکاموڈیٹ کیا جائے جب کہ سینیٹ کے لیے ہمارا امیدوار کون ہوگا اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کریں گے کیوں کہ ہمارے پاس وننگ ووٹ ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ (ن) لیگ کے لوگ کسی اور کو نظر میں رکھ کر اکثریت کا دعوٰی کر رہے تھے لیکن اب ان سے پوچھیں تو رائے مختلف ہو گی، مولانا عبدالغفور حیدری کو بھی بلوچ ہونے کی وجہ سے ڈپٹی چیئرمین بنایا گیا تھا، سیاست امتحان لیتی ہے اور ابھی تو سیاست شروع ہوئی ہے۔

رضا ربانی نے نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا، آصف زرداری


آصف علی زرداری نے کہا کہ میں اپنے چیئرمین سینیٹ کی برائی نہیں کرنا چاہتا، رضا ربانی نے تین برس میں نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا، رضا ربانی نے 18 ویں ترمیم میں ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ نواز شریف کی رضا ربانی کے ساتھ زیادہ قربت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کو چیئرمین سینیٹ کیلیے مطلوبہ اکثریت مل گئی


دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے بھی سینیٹ میں مطلوبہ اکثریت ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ باآسانی اپنا چیئرمین منتخب کرانے کی پوزیشن میں ہے جب کہ نوازشریف نے آصف زرداری کی جانب سے رضا ربانی کا نام مسترد کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوریت کو مستحکم اور پارلیمان کو بالادست دیکھنا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔