یو اے ای میں رحم دل افراد نے دیت ادا کرکے پاکستانی قیدی کو رہائی دلادی

پاکستانی ڈرائیور کے ٹرک تلے ایک شخص سورہا تھا، لاعلم ڈرائیور نے ٹرک چلایا تو وہ شخص کچل کر ہلاک ہوگیا تھا۔


ویب ڈیسک March 08, 2018
دیت کی ادائیگی تک ملزم کو قید رکھنے کا حکم دیا گیا، فوٹو: انٹرنیٹ

لاہور: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں نامعلوم مخیر حضرات نے دیت کی مد میں ایک لاکھ درہم ادا کرکے پاکستانی شخص کو جیل سے رہائی دلا دی۔

اماراتی میڈیا کے مطابق 7 ماہ قبل متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ میں حاجی نامی شخص کو پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کرکے کسی سے ملاقات کرنے گیا تو اس دوران ایک شخص ٹرک کے نیچے لیٹ کر سوگیا۔

اس بارے میں ڈرائیور کو علم نہیں تھا کہ ٹرک کے نیچے کوئی سورہا ہے اور اس نے واپس آکر ٹرک چلا دیا جس کے باعث ٹرک کے نیچے لیٹا شخص ٹائروں تلے کچل کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

چالیس سالہ پاکستانی شخص کو قتل غیرعمد پر قصاص اور واقعے پر جرمانہ ادا کرنے تک قید رکھنے کا حکم سنایا گیا، پاکستانی شخص جرمانہ اور دیت کی رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا تھا تاہم جب اس حوالے سے اخبار میں خبر شائع ہوئی تو کچھ مخیرحضرات نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 لاکھ درہم دیت اور 4 ہزار جرمانے کی رقم ادا کرکے ملزم کو قید سے رہائی دلا دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔