پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ رضا ربانی نے تین برس میں نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا یہی وجہ ہے کہ نواز شریف کی رضا ربانی کے ساتھ زیادہ قربت ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا فیصلہ سب دوستوں کی مشاورت سے ہو گا، دیکھیں گے کہ بلوچستان کو کس طرح اکاموڈیٹ کیا جائے جب کہ سینیٹ کے لیے ہمارا امیدوار کون ہوگا اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کریں گے کیوں کہ ہمارے پاس وننگ ووٹ ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ (ن) لیگ کے لوگ کسی اور کو نظر میں رکھ کر اکثریت کا دعوٰی کر رہے تھے لیکن اب ان سے پوچھیں تو رائے مختلف ہو گی، مولانا عبدالغفور حیدری کو بھی بلوچ ہونے کی وجہ سے ڈپٹی چیئرمین بنایا گیا تھا، سیاست امتحان لیتی ہے اور ابھی تو سیاست شروع ہوئی ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میں اپنے چیئرمین سینیٹ کی برائی نہیں کرنا چاہتا، رضا ربانی نے تین برس میں نواز شریف کی آئینی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا، رضا ربانی نے 18 ویں ترمیم میں ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ نواز شریف کی رضا ربانی کے ساتھ زیادہ قربت ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری ہمارے پاس آئے شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم نے آصف علی زرداری سے درخواست کی ہے کہ وہ ہمارے موقف کی حمایت کریں کیوں کہ کوئی گھر چل کر آئے تو اس کا وزن زیادہ ہو جاتا ہے ہم نے آصف زرداری کو مکمل اختیار دے دیا ہے وہ جو چاہیں فیصلہ کریں۔