ماہ فروری میں ڈاکوؤں نے 2 ہزار گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری و چھین لیں

شہری ڈھائی ہزارموبائل فون سے محروم، مختلف علاقوں میں26افراد کوموت کے گھاٹ اتاردیاگیا، سی پی ایل سی رپورٹ


Staff Reporter March 09, 2018
کراچی کے مضافات ،گوٹھوں اور کچی آبادیوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر آپریشن کیا جائے، شہریوں کا مطالبہ۔ فوٹو : فائل

شہر میں اسٹریٹ کرائمز کا سلسلہ کسی صورت تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا جب کہ مختلف علاقوں سے ڈاکوؤں نے کروڑوں روپے مالیت کی2ہزارسے زائد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری وچھین لیں۔

سی پی ایل سی نے گزشتہ ماہ فروری کی رپورٹ جاری کی جس کے مطابق فروری کے28روز میں شہرکے مختلف علاقوں میں26افرادکوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا ، مجموعی طور پر2ہزار582موبائل فون چوری وچھینے گئے جس میں1103موبائل فون شہریوں سے اسلحے کے زور پر سر راہ چھین لیے گئے،1479موبائل فون چوری کیے گئے۔

اسی طرح سے شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 1952 موٹر سائیکلیں چوری و چھینی گئیں جس میں180 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں ،1772 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں،مختلف علاقوں سے گزشتہ ماہ میں101گاڑیاں چوری و چھین لی گئیں جس میں14گاڑیاں چھینی جبکہ87 گاڑیاں چوری کرلی گئیں۔

سی پی ایل سی کے اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ فروری میںاغوا برائے تاوان اور بھتے کی2 ،2 وارداتیں سامنے آئیں،کراچی پولیس چیف مشتاق مہر شہر میں اسٹریٹ کرائمز ،گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی کی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں جبکہ ان کی جانب سے ایسے ٹھوس اقدامات کا بھی فقدان رہا جسے دیکھتے ہوئے یہ کہا جائے کہ وہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں۔

گزشتہ ماہ فروری میں چھینی وچوری کی جانے والی101گاڑیوںکی اوسطاً قیمت 3لاکھ روپے تصور کی جائے تو ان کی مجموعی مالیت 3کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے اسی طرح سے چوری و چھینی جانے والی ایک ہزار 952موٹرسائیکل کی اوسطاً قیمت 15ہزار روپے تصور کرلی جائے تو اس کی مجموعی قیمت 2 کروڑ 92لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا کہ گزشتہ ماہ فروری میں مجموعی طور پر شہری تقریباً 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم کردیے گئے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے مضافات ،گوٹھوں اور کچی آبادیوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر آپریشن کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں