نیب نے کے ای ایس سی کومہم میں نام استعمال کرنے سے روک دیا

کے ای ایس سی کے نادہندگان کیخلاف کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں،نیب ترجمان


Staff Reporter April 04, 2013
کے ای ایس سی کے نادہندگان کیخلاف کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں،نیب ترجمان. فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب ) نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو اپنا نام استعمال کرکے تشہیری مہم چلانے سے روک دیا ہے۔

نیب سندھ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کو کے ای ایس سی کے نادہندگان کی فہرست ان کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کے ساتھ موصول ہوچکی ہے، تاہم چونکہ کے ای ایس سی ایک نجی ادارہ ہے اس لیے اس درخواست پر کارروائی کرنے یا نہ کرنے سے متعلق قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

نیب کے ترجمان نے کے ای ایس سی انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کوئی فیصلہ ہونے سے پہلے نیب سندھ کا نام استعمال کرکے تشہیری مہم کا سلسلہ ترک کردے۔



واضح رہے کہ کے ای ایس سی کی جانب سے گزشتہ روز شروع کی جانے والی ایک تشہیر مہم میں بتایا گیا تھا کہ کے ای ایس سی سی نے حال ہی میں نیب کو وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں بجلی کے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی ذمے داریاں دیے جانے کے بعد کے ای ایس سی نے بھی اپنے نادہندگان کی فہرست نیب کو فراہم کردی ہے، تشہیری مہم میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کے ای ایس سی کے نادہندگان پر 64 ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں