اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

اسلام آباد کی جانب سے سمت پٹیل نے 4 اور ظفر گوہر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔


ویب ڈیسک March 09, 2018
اسلام آباد کی جانب سے ڈیومینی 73 اور آصف علی نے 45 رنز بنائے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ تھری کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ تھری کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 156 رنز بناسکی۔



پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ایندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سمیت پٹیل نے پشاور زلمی کے ٹاپ آڑدر کی ایک نہ چلنے دی اور کامران اکمل کو پانچویں ہی اوور میں 22 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا جب کہ 19 رنز پر فلیچر اور ڈیون اسمتھ کو صفر پر آؤٹ کیا۔



پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ظفر گوہر نے پشاور زلمی کے مڈل آرڈر کو اڑا کر رکھا دیا، انہوں نے محمد حفیظ کو 13، ڈاسن کو ایک اور کپتان ڈیرن سیمی کو صفر پر آؤٹ کرکے پشاور کی میچ جیتنے کی تمام امیدیں ختم کردیں۔



ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد وہاب ریاض اور عمید آصف نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آٹھویں وکٹ کے لیے 50 سے زائد رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو عبرتناک شکست سے بچایا، وہ بالترتیب 33 اور 25 رنز بناسکے۔

اسلام آباد کی جانب سے سمت پٹیل نے 4، ظفر گوہر نے 3 جب کہ شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور جے پی ڈیومینی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن رونکی 27 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔ جس کے بعد ڈیومینی نے حسین طلعت کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت قائم کی۔



وہاب ریاض نے حسین طلعت کو 29 رنز پر بھیج کر پشاور زلمی کو دوسری کامیابی دلوائی جس کے بعد شاداب خان بیٹنگ کے لیے آئے کوئی گیند کھیلے بغیر ہی رن آؤٹ ہوگئے۔



جے پی ڈیومینی وکٹ پر موجود رہے اور آصف علی کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 71 رنز جوڑے، اس دوران آصف علی نے 24 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔



دوسری جانب 54 گیندوں پر 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے ڈیومینی نے اپنی اننگز میں 4 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

اس سے قبل ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کو 6 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں 6 شکستوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔