پی ایس ایل تھری میں لاہور قلندرز کی پہلی کامیابی

شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں


ویب ڈیسک March 09, 2018
شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں - فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ تھری میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں شاہین آفریدی کی تباہ کن بولن کے باعث ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 114 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر ایک اوور پہلے ہی حاصل کرلیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور انتون ڈیوچ نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 33 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن ڈیوچ 9 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ شعیب ملک کے حصے میں آئی جب کہ اگلے ہی اوور میں فخرزمان بھی 16 رنز بناکر عمران طاہر کا شکار بنے۔



آغا سلمان صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد وکٹ کیپر دنیش رامدین کی جگہ ٹیم کا حصہ بننے والے گلریز صدف نے کپتان میکلم کے ساتھ ملکر 53 رنز کی شراکت قائم کی، گلیرز 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ میکلم 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 61 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم کمار سنگاکارا 45 جب کہ احمد شہزاد 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔



ملتان سلطانز کا مڈل آرڈر خاص کارکردگی نہ دکھا سکا اور صرف 20 گیندوں پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے صہیب مقصود 16 اور کپتان شعیب ملک صرف 3 رنز ہی بناسکے اور 99 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ شاہین شنواری کی شاندار بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر کھڑا نہیں رہ سکا اور ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 2 گیندیں قبل 114 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔