70 سال سے جاری پالیسیوں سے بغاوت کرتا ہوں نواز شریف

حق نہ ملے تو حق چھیننا پڑے گا اور ووٹ کی پرچی کو عزت و توقیر دلاکر کسی کو ووٹ پرڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،نوازشریف

مہنگائی اور دہشتگردی کی کم توڑ کر پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا،نوازشریف،فوٹو:فائل

TORONTO:
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی جبکہ میں 70 سال سے چلنے والی پالیسیوں سے بغاوت کرتا ہوں۔


بہاولپور میں مسلم لیگ(ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ میں نے جب بھی کوئی وعدہ کیا اسے پورا کیا، پانچ سال پہلے بجلی غائب تھی، ہم نے پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ حل کیا ہے، پچھلے ساڑھے چار سال میں ہمارے مخالفین نے دھرنے دے کر ہمیں کام نہیں کرنے دیا لیکن ان تمام رخنوں کے باوجود ہماری حکومت نے ملک کے بڑے بڑے مسائل ختم کردیے، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے گھروں میں بجلی لوٹا دی یہ کوئی معمولی کام نہیں یہ بہت بڑا کام ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔


نواز شریف نے کہا کہ آج فیکٹریاں بھی چل رہی ہیں اور ٹیوب ویل بھی، مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی اور دہشت گردی کی کمر توڑ کر رکھ دی، کیا کسی اور سیاسی جماعت نے کبھی کوئی موٹروے بنائی یا بجلی کے کارخانے لگائے، کیا پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی میں سے کسی نے ملک میں دہشت گردی ختم کی؟ یہ لوگ صرف ٹانگیں کھینچنے والے ہیں لیکن ان کی ٹانگیں عوام کو کھینچنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے قدوس بزنجو کی آڑ میں آصف زرداری کے پاس حاضری دی، مریم نواز

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزارت عظمیٰ سے ہٹادیا گیا، نا اہل قرار دینے کے بعد پارٹی صدارت سے بھی ہٹادیا اور کہتے ہیں کہ نوازشریف کو تاحیات نااہل قرار دینا ہے۔ اس ملک میں پچھلے 70 سال میں بڑے ظلم ہوئے،پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، یہ ملک اس وقت تک آگے نہیں جاسکتا جب تک 70 سال کے مظالم کا حساب نہ لے لیا جائے، میں ان مظالم کے خلاف بغاوت کرتا ہوں۔ ہم کسی کو ووٹ کی عزت پرڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ حق نہ ملے تو حق چھیننا پڑے گا۔
Load Next Story