شاہد آفریدی بھی شاہین آفریدی کے گرویدہ ہوگئے

شاہین آفریدی نے صرف 4 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔

شاہین آفریدی نے صرف 4 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ میں شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ نے بوم بوم آفریدی کو بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا میلہ یو اے ای میں جاری ہے، جہاں ماضی میں اس لیگ نے قومی ٹیم کو عماد وسیم، حسن علی، بابر اعظم، فخرزمان اور محمد نواز جیسے اسٹار فراہم کیے وہی تیسرے ایڈیشن میں بھی آغا سلمان، ابتسام شیخ، عمید آصف اور شاہین آفریدی جیسے ابھرتے ہوئے ستارے منظر عام پر آرہے ہیں۔



پی ایس ایل تھری کے بیسویں میچ میں لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے ملتان سلطانز کے خلاف تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے نہ صرف لاہور قلندرز کو پہلی کامیابی دلوائی بلکہ 4 اوورز میں صرف 4 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا جو ایونٹ میں اب تک کی بہترین بولنگ ہے جب کہ انھیں شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ سے بھی نوازا گیا۔




شاہین آفریدی کی زبردست بولنگ پر بوم بوم آفریدی بھی ان کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے، ایک ٹوئٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے آفریدی نے شاہین کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور چیمپئن تیار ہورہا ہے، آخرکار لاہور قلندرز کے مداحوں کو کچھ خوشیاں نصیب ہوئیں۔



واضح رہے لاہور قلندرز نے پی ایس ایل تھری میں 6 شکستوں کے بعد ملتان سلطانز کے خلاف پہلی کامیابی سمیٹی۔
Load Next Story