رواں سال پاکستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا کیتھ فیلڈن

ای پی آئی 2 سال کے بچوں کو لاحق 10 جان لیوا بیماریوں سے بچاؤکی ویکسین مفت فراہم کرتا ہے، کیتھ فیلڈن


Staff Reporter March 10, 2018
طلبہ ویکسی نیشن سے متعلق آگاہی میں کردار ادا کریں، سنیل راجا کا جامعہ کراچی میں خطاب۔ فوٹو: فائل

دنیا میں کم و بیش 2 کروڑ بچے حفاظتی ٹیکوں سے محروم ہیں جب کہ سال رواں میں ابھی تک پاکستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے نمائندے کیتھ فیلڈن نے جمعہ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے سیمینار روم میں حفاظتی ٹیکوں سے آگہی سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی مدد سے بچوں کی60 فیصد اموات پر قابو پایا جاسکتا ہے تاہم ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ ملک سے مہلک امراض کے خاتمے کے لیے اپنا سماجی کردار ادا کرے۔

کیتھ فیلڈن نے مزید کہا کہ ای پی آئی محکمہ صحت سندھ ہر ای پی آئی سینٹر پر 2 سال سے کم عمر کے بچوں کو لاحق 10جان لیوا بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کررہی ہے ان بیماریوں میں کینسر،ہیپاٹائٹس بی ،پولیو ،نمونیا ،ڈائریا ،ٹیٹنس اور دیگر شامل ہیں جب کہ ویکسی نیشن کی بدولت ہر سال 20 تا30 لاکھ افراد کی زندگیاں بچائی جاتی ہیں۔

ای پی آئی سیل سندھ کے سنیل راجہ نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ ویکسی نیشن سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار اداکریں اور اپنے خاندان ،دوستوں اور برادری میں اس کی آگاہی کو فروغ دیں وہ تمام بچے جو حفاظتی ٹیکوں سے محروم ہیں ان کو حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی ہم سب کا فرض ہے۔

واضح رہے کہ لیکچر کا انعقاد ای پی آئی محکمہ صحت سندھ اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، کے باہمی تعاون سے ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں