پی ایس ایل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فول پروف انتظامات مکمل

18 سے 21 مارچ تک اسٹیڈیم کے اطراف میں دکانیں بھی بند رہیں گی


Sports Reporter March 11, 2018
18 سے 21 مارچ تک اسٹیڈیم کے اطراف میں دکانیں بھی بند رہیں گی، فوٹو: انٹرنیٹ

پاکستان سپر لیگ کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچز کے لیے فول پروف انتظامات کرلیے گئے، 18 مارچ سے نشتر اسپورٹس کمپلیکس کو بند کردیا جائے گا، امدادی انتظامات کے لیے ایک کارڈیک موبائل، 20 ایمبولینس، 18 ریسکیو موٹر بائیکس، 20 ریسکیو پوسٹس، ہاکی اسٹیڈیم میں 2 عارضی اسپتال قائم کیے جائیں گے۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق پاکستان سپر لیگ تھری کے ایلیمنیٹرز لاہور میں بالترتیب 18 اور 20 مارچ کو شیڈول ہیں، مقابلوں کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ کمشنر لاہور عبداللہ سنبل نے کہا کہ سول اور انتظامی معاملات کے حوالے سے تمام محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ پارکنگ ایریاز سے شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم لانے کے لیے آپریشن میں 36 چھوٹی اور 40 بڑی اسپیڈو بسیں اور 40 کوسٹرز حصہ لیں گی۔

انتظامات کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ میچز کا بہترین انداز میں انعقاد کیا جائے گا۔ شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ حفاظتی و امدادی انتظامات کے سلسلے میں 4 مشقیں ایئرپورٹ، ہوٹل تا قذافی اسٹیڈیم کی جائیں گی، میچز کے دوران قذافی اسٹیڈیم کے اطراف فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا،اردگرد کی سڑکوں کی تزئین اور ان کو روشنیوں سے بھی آراستہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا پلے آف میچز کے لیے ٹیموں کی لاہور آمد کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ اس حوالے سے پی سی بی اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوا جس میں اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے پر ٹیموں کی لاہور آمد اور سیکیورٹی معاملات پرگفتگوکی گئی۔ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں 18 اور 19 مارچ کی درمیانی شب لاہور پہنچیں گی اور20 اور 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں میچزکھیلیں گی۔ 18 مارچ سے نشتر اسپورٹس کمپلیکس کوبند کردیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی معاملات اورامن وامان کو یقینی بنانے کے لیے 18 سے 21 مارچ تک اسٹیڈیم کے اطراف میں دکانیں بھی بند رہیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔