قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 790 ارب روپے طلب

یہ رقم نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک بھر میں قومی شاہراہوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے وفاقی حکومت سے مانگی ہے۔


حسیب حنیف March 12, 2018
یہ رقم نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک بھر میں قومی شاہراہوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے وفاقی حکومت سے مانگی ہے، فوٹو: انٹرنیٹ

KARACHI: نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک بھر میں قومی شاہراہوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے وفاقی حکومت سے 790 ارب روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز مانگ لیے۔

آئندہ مالی سال 2018-19 کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت میر پور، منگلا، مظفر آباد اور مانسہرہ روڈ، گلگت، شند ور، چترال روڈ، ہزارہ، موٹروے، تھاکوٹ، حویلیاں سیکشن، پشاور ناردرن بائی پاس سمیت اہم شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کرے گی۔

ایکسپریس کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی وزارت مواصلات کے ماتحت ادارے نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) کی جانب سے آئند ہ مالی سال کے دوران ملک بھر میں قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کے لیے حکومت سے 790 ارب 656 کروڑ روپے مانگ لیے گئے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے آئندہ مالی سال کے دوران ملک بھر میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے مجموعی طور پر 100 منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے آئندہ مالی سال کے لیے حکومت سے 48 جاری منصوبوں، 12 نئے اور 40 نئے تجویز کردہ منصوبوں کو وفاقی ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے جن میں سے 12 نئے منصوبوں کے لیے این ایچ اے نے حکومت سے 26 ارب 350 کروڑ ، 48 جاری منصوبوں کے لیے 620 ارب 51 کروڑ اور 40 تجویز کردہ منصوبوں کے لیے 143 ارب 79 کروڑ روپے مانگے ہیں۔

یاد رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موجودہ دور حکومت میں بڑے پیمانے پر شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے شروع کر رکھے ہیں اور رواں مالی سال 2017-18 کے دوران بھی نیشنل ہائی وے اتھارٹی 324 ارب 72 کروڑ کے منصوبوں پر کام کررہی ہے جن میں سی پیک کے منصوبوں کے علاوہ بھی دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے آئندہ مالی سال میں نئے شروع کیے جانے والے منصوبوں کی سفارشات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ژوب تا کچلاک روڈ کی لینڈ ایکوزیشن اور تعمیر، سی پیک کے تحت میر پور، منگلا، مظفر آباد اور مانسہرہ روڈ کی تعمیر، گلگت، شندور اور چترال روڈ کی تعمیر کے لیے بھی فنڈزمختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے این فائیو کی بحالی و مرمت، حب بائی پاس کی تعمیر، ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کی تعمیر، این ستر کے ڈی جی خان اور راکھی گج سیکشن کی تعمیر، میر پور خاص عمر کوٹ سیکشن کے علا وہ متعدد تجویز کر دہ منصوبوں کو بھی وفاقی ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔