سندھ گیمز میں ٹیموں کا انتخاب شفاف بنائیں گے صوبائی وزیر کھیل

ڈویژن کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی ٹیموں کا انتخاب کیا جارہا ہے، بخش مہر

ڈویژن کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی ٹیموں کا انتخاب کیا جارہا ہے، بخش مہر۔ فوٹو؛ فائل

صوبائی وزیر کھیل بخش مہر نے کہا ہے کہ سندھ اسپورٹس بورڈ کے ذمے داران ٹیموں کے انتخاب کے لیے ہونے والے ٹرائلز کی شفافیت کو ممکن بنانے کی کوشش کریں گے۔

وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی ہدایت پر ٹرائلز کو شفاف بنانے کے لیے صوبے بھر میں ڈویژن کی سطح پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں مختلف ایونٹس کے لیے ٹیموں کا انتخاب کیا جارہا ہے۔

مزید برآں سندھ حکومت کے سیکریٹری اسپورٹس نیاز علی عباسی کی زیر نگرانی محکمہ کھیل کے افسران بھی کھلاڑیوں کے انتخاب کو غیر متنازعہ بنانے کے لیے میدان میں کود پڑے، پی ایس بی کوچنگ سینٹر میں مرد و خواتین ایتھلیٹس کے انتخاب کے سلسلے میں ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی کی نگرانی میں ٹرائلز منعقد ہوئے۔


اس موقع پر سندھ میں ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے تینوں گروپس کے عہدیدار بھی موجود تھے، صوبے میں بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے متحارب گروپس کے تنازع کے سبب پیر کو شہزاد بھٹی ایس ایس بی اسپورٹس کمپلیکس، ناظم آباد میں اپنی نگرانی میں ٹرائلز کرائیں گے، اس طرح دیگر کھیلوں میں گروپ بندیوں کے سبب سندھ اسپورٹس بورڈ کے ذمے داران ٹیموں کے انتخاب کے لیے ہونے والے ٹرائلز کی شفافیت کو ممکن بنانے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب ہاکی میں بھی دو گروپ ابھر کر سامنے آگئے ہیں، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ کی منظوری سے 17ویں سندھ گیمزکے لیے کراچی کے مینز اور ویمنز ٹیم کے ٹرائلز کے لیے 2 روزہ اوپن ٹرائلز اتوار اور پیر کو کے ایچ اے ہاکی اکیڈمی گلشن اقبال میں کرانے کا اعلان کیا جبکہ ایک گروپ کی جانب سے کراچی ویمن ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے اولمپئن اصلاح الدین اور سیدہ ارم بخاری کی زیر نگرانی 2 روزہ اوپن ٹرائلز 14 اور 15 مارچ کو اولمپئن اصلاح الدین اینڈ ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی گراؤنڈ پر کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

رابطے پر کراچی میں ٹرائلز کے نگراں سندھ اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فاروق نے کہاکہ کے ایچ اے کو مینز جبکہ اولمپئن اصلاح الدین کو ویمن ٹیم کے انتخاب کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

 
Load Next Story