صادق سنجرانی چیئرمین اورسلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کے اہم اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہوا۔ چیرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے مسلم لیگ (ن) اور ان کے اتحادی جماعتوں کے امیدوار راجہ ظفرالحق اور اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی میں مقابلہ ہوا جب کہ ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے مسلم لیگ (ن) اور ان کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار عثمان کاکڑ اور اپوزیشن جماعتوں کے سلیم مانڈوی والا کے درمیان مقابلہ ہوا۔
صادق سنجرانی کو 57 اور سلیم مانڈوی والا کو 54 ووٹ ملے
اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی نے مسلم لیگ (ن) اور ان کے اتحادی جماعتوں کے امیدوار کے مقابلے میں 57 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ راجہ ظفر الحق کو 46 ووٹ ملے۔ دوسری جانب ڈپٹی چیرمین کے انتخاب کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سلیم مانڈوی والا نے 54 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ مسلم لیگ (ن) اور ان کے اتحادیوں کے امیدوار عثمان کاکڑ کو 44 ووٹ ملے۔
پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز نے گزشتہ روز چیئرمین کے لیے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے سلیم مانڈوی والا کا نام پیش کیا تھا۔ فاٹا اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے بھی اپوزیشن امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھالیا
سینیٹ میں پارٹی پوزیشن
سینیٹ کا ایوان 104 ارکان پر مشتمل ہے جس میں ن لیگ کے 33، پی پی پی 20، پی ٹی آئی 12، آزاد 17، ایم کیو ایم 5، نیشنل پارٹی 5، جے یو آئی 4، پشتون خوا میپ 3، جماعت اسلامی 2 اور بی این پی مینگل، فنکشنل لیگ اور اے این پی کا ایک ایک سینیٹر ہے۔
آصف زرداری کی نومنتخب چیرمین کو مبارکباد
پی پی پی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کو چیرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اراکین سینیٹ بھی مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے حزب اختلاف کے امیدواروں کو ووٹ دیا جب کہ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ منتخب کرانا آغاز حقوق بلوچستان کا تسلسل ہے، پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت اور جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے۔
صادق سنجرانی کا انتخاب خاندانی سیاست کی شکست ہے، عمران خان
دوسری جانب نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیرمین پی ٹٰی آئی عمران خان کو ٹیلی فون کرکے ان کی حمایت پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کےعوام کو پارلیمان میں اہم مقام دلوانے پرعمران خان کے مشکور ہیں، عمران خان وفاق کی علامت کے طور پر ابھرے ہیں، بلوچستان کےعوام عمران خان کے تہہ دل سےمشکور ہیں، آپ نے مجھ سے جو توقعات وابستہ کیں ان پر انشاءاللہ پورا اتروں گا۔
عمران خان نے بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صادق سنجرانی کا انتخاب آئین وجمہوریت کی فتح اور خاندانی سیاست کی شکست ہے اور ہم بلوچستان کے عوام کی کامیابی پر خوش ہیں۔
چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی چیرمین سینیٹ منتخب ہونے پر صادق سنجرانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضیا کا اوپننگ بیٹمیسن ہار گیا، بلوچستان اوروفاق جیت گیا جب کہ انہوں نے سلیم مانڈوی والا کو بھی ڈپٹی چیئرمین بننے پر مبارکباد دی۔
ایوان بالا میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، صادق سنجرانی
بعدازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نومنتخب چیرمین صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور عمران خان سمیت تمام دوستوں کا شکرگزار ہوں، ایوان کی کارروائی اچھے انداز میں چلائیں گے اور ایوان بالا میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، کسی کے ساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہیں ہونے دوں گا کیوں کہ میرے لیے سب برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو شکایت کا موقع نہیں ملے گا اور صوبہ بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔