نیب کا نواز شریف کے خلاف ایک اور معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ

نواز شریف کے خلاف چیئرمین ایچ ای سی مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری سے متعلق تحقیقات ہوں گی، نیب اعلامیہ


ویب ڈیسک March 12, 2018
عوام اپنی جمع پونجی قانونی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں لگائیں، چیئرمین نیب۔ فوٹو:فائل

نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ہائر ایجو کیشن کمیشن کے چیئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری سے متعلق تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کے اعلامیے کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایک اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

غیر قانونی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری تحقیقات کا جائزہ


اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد میں نیب میں غیر قانونی نجی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری انکوائریوں اور انویسٹی گیشن پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کوہدایت کی کہ عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی نہ صرف یقینی بنانے میں قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں بلکہ تفتیش کو بروقت مکمل کر بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

چیئرمین نیب نے عوام سے بھی کہا کہ وہ اپنی عمر بھر کی جمع پونجی صرف اور صرف قانون کے مطابق قائم نجی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پوری تسلی اور اطمینان کے بعد لگائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں