رائیڈر کی پٹائی لگانے والے چچا بھتیجا عدالت میں پیش

موکل نے کرکٹر کو صرف ایک پنچ جڑا باقی چوٹیں نیچے گرنے سے آئیں،وکیل صفائی


AFP April 05, 2013
موکل نے کرکٹر کو صرف ایک پنچ جڑا باقی چوٹیں نیچے گرنے سے آئیں،وکیل صفائی. فوٹو: فائل

جیسی رائیڈر پر حملہ آور ہونے والے چچا بھتیجے کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

وکیل صفائی جوناتھن ایٹون کا کہنا ہے کہ ان کے موکل نے کرکٹر کو صرف ایک پنچ جڑا باقی چوٹیں نیچے گرنے سے آئیں، بیٹسمین کی حالت اتنی خراب نہیں جتنی ظاہر کی گئی، عینی شاہدین نے غلط بیانی سے کام لیا، عدالت نے دونوں ملزمان کی شناخت ظاہر نہ کرنے کی ہدایت کے ساتھ ضمانت جاری رکھتے ہوئے سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی ۔

تفصیلات کے مطابق جیسی رائیڈر پر ایک ہفتے قبل کرائسٹ چرچ میں دومقامات پر حملہ کرنے والے چچا بھتیجا نکلے،37 سالہ شخص بلڈر جبکہ اس کا 20 سالہ بھتیجا قالین بچھانے کا کام کرتا ہے۔ دونوں کو گذشتہ روز کرائسٹ چرچ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں پر ان کے وکیل جوناتھن ایٹون کی درخواست پر عدالت نے ہدایت جاری کی کہ دونوں ملزمان کی تصاویر اور نام میڈیا میں جاری نہیں کیے جائیں گے، اس کے ساتھ دونوں کی ضمانت پر رہائی کو برقرار رکھا پولیس نے بھی اس کی مخالفت نہیں کی۔

7

اس موقع پر ایٹون نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل ایک فیملی ڈنر کے سلسلے میں بارگئے،وہاں انھوں نے جیسی رائیڈر کو دیکھا تو ان کے پاس گئے،آپس میں خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی مگر باہر نکلنے کے بعد دونوں فریقین میں جھگڑا ہوا جس پر میرے موکل نے صرف ایک پنچ مارا جس سے وہ نیچے گر پڑے اسی سے انھیں چوٹیں آئیں۔

انھوں نے کہا کہ عینی شاہدین کے رائیڈر کو مکے اور ٹھوکریں مارنے کے بیانات غلط ہیں، پولیس رپورٹ میں کھوپڑی پر فریکچر اور پھیپھڑے کے پھٹنے کی باتوں میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ رائیڈر نے پولیس کو بتایا کہ انھیں اس واقعے کے بارے میں کچھ بھی یاد نہیں، وہ اسپتال سے ڈسچارج ہوکر اپنے گھر ویلنگٹن واپس پہنچ چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں