کورین کمپنی نے پاکستان میں اسپورٹس گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان کر دیا

سانگ یونگ انتظامیہ پاکستان پہنچ گئی، دیوان فاروق موٹرزکے سجاول پلانٹ کا دورہ۔


Business Reporter March 13, 2018
ایکس ایل وی اور ٹیوولی ایس یو ویزسے ابتداہوگی۔ فوٹو : فائل

کوریا کی معروف آٹو کمپنی سانگ یونگ موٹر کمپنی نے آئندہ سال کے آغاز تک پاکستان میں سانگ یونگ اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکلز (ایس یو ویز) تیار کرنے کا اعلان کردیاہے۔

کمپنی نے چند ہفتوں قبل ہی پاکستان میں ڈے ھان شہ زور گاڑیاں بھی متعارف کرائی ہیں۔ سانگ یونگ کی اعلیٰ انتظامیہ نے آئندہ سال کے آغاز سے پاکستان میں اپنی معیاری سانگ یونگ اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکلز (ایس یو ویز) کی تیاری کے لیے ڈے ھان دیوان موٹرز کمپنی (ڈی ڈی ایم سی) کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔

سانگ یونگ کی ٹیم نے سجاول سندھ میں واقع دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ (ڈی ایف ایم ایل) آٹو اسمبلی پلانٹ کا بھی دورہ کیا۔ سانگ یونگ کی جانب سے پاکستان میں گہری دلچسپی کا اظہار اس امر کا غماز ہے کہ آٹو موٹیو ڈیولپمنٹ پالیسی (اے ڈی پی)2016-21 دنیا کی صف اول کی کارساز کمپنیوں کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری لانے میں کامیاب رہی ہے۔

مزید براں ڈی ڈی ایم سی (ڈی ایف ایم ایل) کے بطور کاروباری شراکت دار شمولیت سے سانگ یونگ کو پاکستان میںجلد اپنے قدم جمانے کا موقع ملے گا کیونکہ ڈی ڈی ایم سی کو حال ہی میں حکومت سے براؤن فیلڈ اسٹیٹس ملا ہے۔

سانگ یونگ موٹر کمپنی ریکسٹن، کورینڈو،ریکسٹن اسپورٹس، ٹیوولی اورایکس ایل وی اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکلز اور 4x4 ڈبل کیبن گاڑیوں کی معیاری لائن کی بدولت اس شعبے میں بہترین مسابقت کی حامل ہے، ابتدا میں ڈی ڈی ایم سی اپنے سجاول پلانٹ پر ٹیوولی اور ایکس ایل وی گاڑیوں کی تیاری کے ذریعے پسنجر گاڑیوں کے شعبے میں قدم رکھے گی۔

اپریل 2016 میں قائم ہونے والی ڈے ھان دیوان موٹر کمپنی یوسف دیوان کمپنیز اور کولاؤ گروپ آف ساوتھ کوریا کے مابین اشتراک کے نتیجے میں معرض وجود میں آئی، ڈے ھان دیوان موٹر کمپنی نے حال ہی میں ڈے ھان شہ زور پک اپ متعارف کرائی ہے جو پاکستان میں لائٹ کمرشل پک اپ کیٹیگری میں بہت مقبول گاڑی ہے، شہ زور متعارف کرائے جانے سے دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ کی آٹو اسمبلی پلانٹ پر گاڑیوں کی تیاری کا عمل بھی بحال ہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں