پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے 214 ارب کا ترقیاتی بجٹ مانگ لیا

جھنگ بھکر میں آئی بی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز سمیت 26 منصوبوں کیلیے فنڈزکی سفارشات ارسال۔

جھنگ بھکر میں آئی بی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز سمیت 26 منصوبوں کیلیے فنڈزکی سفارشات ارسال۔ فوٹو: فائل

پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) نے جھنگ اور بھکر میں انٹیلی جنس بیورو کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کی تعمیر اور سروے آف پاکستان راولپنڈی عمارت بلڈنگ کی اپ گریڈیشن سمیت 26نئے منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت سے2ارب 13کروڑ 70لاکھ روپے مانگ لیے۔

''ایکسپریس'' کو موصول دستاویز کے مطابق پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے آئندہ مالی سال کے دوران 2ارب 13 کروڑ 70لاکھ روپے لاگت سے 26نئے منصوبے شروع کرنے کی سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں۔


پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے ڈپلو میٹک انکلیو جی فائیو اسلام آباد میں پرائم منسٹر اسٹاف کالونی کے مرمتی کاموں کے لیے آئندہ مالی سال میں 27کروڑ 71لاکھ روپے مانگے ہیں، فیڈرل لاج ٹو گارڈن روڈ کراچی کی اپ گریڈیشن و مرمت کے لیے 5کروڑ 94لاکھ، ڈویژنل آفس ایبٹ آباد کے دفتر اور رہائش کے لیے 5کروڑ 52لاکھ روپے، سرکٹ ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں فیڈ رل لاج کی تعمیر کے لیے 13کروڑ 30لاکھ روپے اور فیڈرل لاج جی فائیو ون اسلام آباد کی امپرومنٹ کے لیے 5کروڑ 84لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ فاطمہ جنا خ ہاسٹل جی فائیو ٹو اسلام آبادکی امپرومنٹ کے لیے 4کروڑ 18لاکھ روپے، سروے آف پاکستان راولپنڈی کی عمارت کی اپ گریڈیشن اور مرمت کے لیے 5کروڑ 99لاکھ روپے، اسی طرح جھنگ میں انٹیلی جنس بیورو کے دفاتر اور رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے 5کروڑ 90 لاکھ ، انٹیلی جنس بیو ر و بھکر میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے 5کروڑ 90 روپے، فیڈرل لاج نمبر 2اسلام آباد میں اضافی کمروں کی تعمیر کے لیے 4 کروڑ 40لاکھ روپے، بنوں میں فیڈرل لاج کی تعمیر 13کروڑ 14لاکھ ، پاک پی ڈبلیو ڈی سینٹرل سول ڈویژن سیالکوٹ کے لیے دفتر اور رہائشی عمارت کی تعمیر 5کروڑ 90لاکھ روپے اور اسی طرح دیگر منصوبوں کے لیے بھی مجموعی طور پر 2ارب 13کروڑ 70لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
Load Next Story