کامن ویلتھ گیمز کی تیاری سینئرز کیخلاف جونیئرز کو آزمانے کا فیصلہ

 کامیاب پلیئرز کو کراچی میں جاری کیمپ میں جمعرات کو رپورٹ کرنے کی ہدایت۔

آسٹریلیا جانے سے قبل ٹیم کو بھرپور پریکٹس کا موقع ملے گا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

قومی ہاکی ٹیم جونیئر پلیئرزکے ساتھ سیریزکھیل کرکامن ویلتھ گیمزکی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی جب کہ سینئرز کے ساتھ مقابلوں کے لیے پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے21 جونیئرکھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

اومان میں 3 ملکی سیریز کھیلنے کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم مزید انٹرنیشنل ایونٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے جس کے بعد پی ایچ ایف حکام نے آئندہ ماہ آسٹریلیا میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے سینئرز کے خلاف جونیئرز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے21 پلیئرز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب کھلاڑیوں میں وقار یونس، عادل راؤ، رضوان علی، معین شکیل، جیند منظور، غضنفر علی، عدیل لطیف، ریحان بٹ، عمیرستار، شاہ زیب خان، افراز حکیم، نوید عالم، امجد علی، اویس ارشد، رانا وحید، احمد ندیم، محمد الیاس، وقار علی، ذاکر اللہ، محمد ابراہیم اور رومان خان جبکہ آفیشلز میں قمر ابراہیم ٹیم منیجر،کامران اشرف کوچ اورعاصم عباسی ویڈیو اینالسٹ شامل ہیں۔

کامیاب کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیمپ 15 مارچ کو عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں کیمپ کمانڈنٹ قمر ابراہیم کو رپورٹ کریں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کیلیے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی یکم مارچ سے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم میں ہی جاری ہے۔


کیمپ کا حصہ بننے والوں میں عمران بٹ ' مظہر عباس' امجد علی ' محمد عرفان سینئر ' فیصل قادر ' مبشر علی ' علیم بلال ' تاظیم الحسن' احمد' شکیل بٹ ' ابوبکر محمود ' توثیق ارشد' محمد رضوان سینئر ' شفقت رسول ' دلبر ' شان ارشاد ' محمد عرفان جونیئر ' رانا سہیل' عتیق ارشاد' سمیع اللہ ' اظفر یعقوب ' علی شان ' اعجاز احمد ' ارسلان قادر ' شاہ جہان احمد ' عمر بھٹہ ' محمد رضوان جونیئر ' عاطف مشتاق ' عمر حامدی ' تیمور ملک ' تصور عباس ' خضر اور جنید کمال شامل ہیں۔کامن ویلتھ گیمز 4سے 15 اپریل تک ہوں گی۔

شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم 5 اپریل کو ویلز کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی جبکہ 7 اپریل کو گرین شرٹس کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔گروپ اے میں دفاعی چیمپئن اور پانچ مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ، گروپ بی میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ملائیشیا اور ویلز شامل ہیں، ویمنز گروپ اے میں انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ، ملائیشیا اور ویلز جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ، کینیڈا اورگھانا شامل ہیں، 5 اپریل کو مینزایونٹ کے افتتاحی روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کو ویلز اور جنوبی افریقہ کو اسکاٹ لینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا، 6 اپریل کو انگلینڈ کا مقابلہ ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا، 7 اپریل کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہو گی۔

ملائیشیا کا مقابلہ ویلز، کینیڈا کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کا ٹاکرا جنوبی افریقہ سے ہوگا، 8 اپریل کو پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے گروپ میچ میں انگلینڈ جبکہ 11 اپریل کو اپنا چوتھا اور آخری گروپ میچ ملائیشیا کیخلاف کھیلے گی۔13 اپریل کو سیمی فائنلز جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 14 اپریل کو کھیلا جائیگا۔
Load Next Story