بھارتی کرکٹر شامی کی بیوی نے ان پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا

کولکتہ پولیس نے کرکٹر کے دبئی جانے پر بورڈ سے کرکٹر شامی کی تفصیلات طلب کرلیں۔


Sports Desk March 13, 2018
اگر وہ میرے ساتھ فراڈ کرسکتا ہے تو پھر وہ ملک کے ساتھ بھی ایسا کرسکتا ہے، کرکٹر کی بیوی، فوٹو : فائل

بھارتی کرکٹر شامی کی بیوی نے ان پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کردیا، کولکتہ پولیس نے کرکٹر کے دبئی جانے پر بورڈ سے تفصیلات طلب کرلیں۔

بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کے خلاف روز بروز نئے الزامات سامنے آرہے ہیں، ان کے خلاف پہلے ہی پولیس سنگین نوعیت کے الزامات پر مقدمہ دائر کرچکی اور اب پراسرار دورہ دبئی کی چھان بین شروع ہوگئی ہے۔ وہ جنوبی افریقا سے وطن واپس آنے کے بجائے یو اے ای میں رک گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ پولیس کے ایک آفیسر کا کہنا ہے کہ ہم نے شامی کے خلاف مختلف دفعات کے تحت تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں بی سی سی آئی کو خط میں ان سے شامی کے دبئی جانے کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ شامی کی بیوی حسین جہاں نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا کہ شامی ایک پاکستانی لڑکی سے ملنے کے لیے دبئی گئے اور ان سے اس دورے کو چھپایا، انھوں نے علشبہ نامی خاتون سے رقم حاصل کی جو مبینہ طور پر فکسنگ کی بھی ہوسکتی ہے۔

ایک انٹرویو میں حسین جہاں نے مزید کہا کہ علشبہ پاکستانی شہری ہے اور شامی نے یہ دعویٰ کیا کہ اس نے انھیں رقم دی ہے، مجھے کبھی بھی شامی نے نہیں بتایا کہ اس خاتون نے انھیں کس کام کے لیے رقم دی، میں اس حوالے سے کچھ بھی نہیں جانتی مگر ایک بات تو طے ہے کہ اگر وہ میرے ساتھ فراڈ کرسکتا ہے تو پھر وہ ملک کے ساتھ بھی ایسا کرسکتا ہے۔

یاد رہے کہ حسین جہاں اپنے شوہر شامی پر غیر عورتوں سے تعلقات کا الزام بھی عائد کرچکی ہیں جبکہ ان کے خلاف کیس میں اقدام قتل کی بھی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اسی وجہ سے بی سی سی آئی نے شامی کا سینٹرل کنٹریکٹ روک دیا جبکہ ان کی آئی پی ایل میں شرکت بھی خطرے میں پڑچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔