اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کرگئے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تحریری ضمانت تک روزانہ ایوان سے واک آؤٹ کروں گا، اسپیکر قومی اسمبلی


ویب ڈیسک March 13, 2018
وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور پارلیمانی سیکرٹری ہونے کے باوجود مذاق بنایا ہوا ہے، اسپیکر فوٹو: فائل

وزارتِ داخلہ کے سیکرٹری اور دیگر عہدیداران کی عدم حاضری پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کرگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزارتِ داخلہ کے سیکرٹری سمیت دیگر عہدیداران کی عدم حاضری پر اسپیکر ایاز صادق نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور اجلاس کی کارروائی ڈپٹی اسپیکر کے حوالے کرکے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔

اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزارتِ داخلہ کے سیکرٹری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ ساڑھے 12 بجے سے پہلے نہیں آسکتے، ایک وفاقی وزیر، ایک وزیر مملکت اور ایک پارلیمانی سیکرٹری ہونے کے باوجود ایوان کی کارروائی کو مذاق بنایا ہوا ہے۔ جب تک وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تحریری طور پر ضمانت نہیں دیں گے میں روزانہ واک آؤٹ کروں گا۔

دوسری جانب وفاقی سیکرٹری داخلہ کے ایوان میں نہ آنے پر تحریک انصاف کے اراکین نے بھی قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے پی ٹی آئی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آپ کے مؤقف کی ترجمانی کی ہے اور جب اسپیکر واک آؤٹ کرگئے تو کسی معزز ممبر کو احتجاجاً نہیں جانا چاہئے تاہم پی ٹی آئی اراکین بھی ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں