ماحول سازگاربنادیا پاکستان بڑی سرمایہ کاری کیلیے تیارہے وزیر مملکت راناافضل

پاکستان ترقی یافتہ معیشتوں کا مقابلہ کر رہا ہے،کیپٹل انویسمنٹ سمٹ اینڈ ایکسپو سے خطاب


Khususi Reporter March 14, 2018
سیکریٹری بی اوآئی کی انویسٹرزکوتحفظ کی یقین دہانی،بحرینی شوریٰ رکن ودیگرکابھی اظہارخیال فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہاہے کہ 2018 کا پاکستان پہلے کے پاکستان سے بالکل مختلف اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے ہم نے پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔

رانا محمد افضل نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اس کی ایک مثال ہے کہ پاکستان کیسے سرمایہ کاروں کے لیے انویسمنٹ فرینڈ لی ملک ہے، اب پاکستان ترقی یافتہ معیشتوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ گزشتہ روز پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں کیپٹل انویسمنٹ سمٹ اینڈ ایکسپو سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ سمیرا نذیر صدیقی، ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکس چینج رچرڈ مورن، سی ای او پاکستان گارنٹی ایکسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ میاں محمود، بحرین کے رکن شوریٰ شیخ عدیل اور دیگر بھی موجو د تھے۔

سمٹ کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور ملک بھر سے سرمایہ کاروں کو ایک ساتھ اکٹھا کرنا تھا، سمٹ کا انعقاد پاکستان گارنٹی ایکسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت سمندرپار پاکستانی اور سمندر پار پاکستانی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کیا گیا جبکہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے اس سمٹ میں بطور میڈیا پارٹنر شمولیت اختیار کی۔ رانا محمد افضل نے کہاکہ گزشتہ 4 سال کے دوران پاکستان نے بہت فاصلہ طے کیا، آج پاکستان کے لوگ پرامید ہیں، 2013 میں جب ہم حکومت میں آئے تو ہمیں دہشت گردی، توانائی، معیشت اور تعلیم سمیت چار چیلنجز کا سامنا تھا، ملک میں18سے 22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، آج ملک میں 22گھنٹے بجلی دستیاب ہے۔

2 سال سے صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، آج ہم ترقی کی جانب گامزن ہیں اور گزشتہ سال ہم نے بلند ترین جی ڈی پی حاصل کی، ہمارے اقدامات سے ٹیکس وصولیاں دگنی ہوگئیں، پاکستان میں سرمایہ کاری حقیقت بن رہی ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو سپورٹ کر رہی ہے جبکہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کا ری میں بھی بہتری آ رہی ہے، پاکستان اب ایک بڑی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ یہ کانفرنس پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی۔ سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ سمیرا نذیر صدیقی نے کہاکہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ہم سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں، پاکستان میں مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بہت سے مواقع ہیں۔

جس کے لیے ہم ہر وقت ان کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکس چینج رچرڈ مورن نے کہاکہ پاکستان کی معاشی صورت حال کافی بہتر ہو چکی ہے، چیلنجز کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان گارنٹی ایکسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے سی ای او میاں محمود نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد مستقبل میں پاکستان کی کیپٹل انویسمنٹ مارکیٹ کی استعداد کار پر بحث کیلیے تمام ماہرین کوایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ بحرین کی شوریٰ کے رکن شیخ عدیل نے کہاکہ سی پیک پاکستان اور اس خطے کیلیے اہم منصوبہ ہے جو پاکستان کی معیشت میں اہم کر دار ادا کریگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں