عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لئے عمران خان کی اپیل مسترد

سیاسی لوگ استعفیٰ دینے کے بیانات دیتے رہتے ہیں، چیف جسٹس


ویب ڈیسک March 14, 2018
سیاسی لوگ استعفیٰ دینے کے بیانات دیتے رہتے ہیں، چیف جسٹس فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی باغی رہنما عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لئے عمران خان کی دائر اپیل مسترد کردی۔

سپریم کورٹ میں عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لئے عمران خان کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عائشہ گلالئی کی جانب سے کیا تحریری استعفا آیا ہے؟۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی کا تحریری استعفا نہیں آیا تاہم انہوں نے میڈیا میں پارٹی سے استعفے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان بدکردارشخص ہیں، عائشہ گلالئی کا الزام

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ شیخ رشید نے بھی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا کہا تھا لیکن کیا اعلان کے بعد ان کا استعفیٰ ہو گیا، اسی طرح عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس میں استعفا دینے کی بات کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سیاسی لوگ ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں۔ عدالت نے عمران خان کی اپیل مسترد کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ انہوں نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شیخ رشید کو ووٹ نہیں دیا تھا۔ لہذا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر وہ آئین کے تحت اسمبلی رکنیت سے نا اہل ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: عائشہ گلالئی کی رکنیت منسوخی کا ریفرنس مسترد

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے عمران خان پر بدکردار شخص ہونے کا الزام لگایا تھا جس کےبعد پی ٹی آئی نے ان کی رکنیت معطل کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔