لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان نے 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔


ویب ڈیسک March 14, 2018
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان نے 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پی ایس ایل تھری کے 26ویں میچ میں فخرزمان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 17 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ میں جاری پاکستان سپر لیگ کے آخری گروپ مرحلے میں لاہور قلندرز نے اوپننگ بلے باز فخرزمان کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ اوورز میں 186 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم صرف 169 رنز ہی بناسکے۔



کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیس روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 52 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن شاہین آفریدی نے شین واٹسن کو 12 رنز پر بولڈ کرکے پویلین واپس بھیج دیا۔



واٹسن کے جاتے ہی اگلے ہی اوور میں جیسن روئے بھی 36 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 3 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے، وہ سنیل نارائن کا شکار بنے۔



کیون پیٹرسن نے سنیل نارائن کو شاندار چھکا رسید کرکے گیند ہی گراؤنڈ سے باہر پھینک دی لیکن نارائن نے اگلی ہی گیند پر انہیں بولڈ کرکے حساب چکتا کردیا، وہ 11 رنز ہی بناسکے۔



رمیز راجہ جونیئر کی اننگز بھی 7 رنز تک محدود رہی جب کہ انور علی بھی صرف 4 رنز ہی بناسکے ، دونوں بلے باز یاسر شاہ کا شکار بنے۔



ریلی روسوو نے 22 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کو اپنی ٹیم کے لیے آسان کیا جس کے بعد کپتان سرفراز احمد نے 28 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور اینٹن ڈیوسچ نے اننگز کا آغاز کیا، ٹیم کو 43 رنز کا آغاز فراہم کرنے کے بعد ڈیوسچ 18 رنز بنانے کے بعد راحت علی کا شکار بنے۔



تیسرے نمبر پر آغا سلمان بیٹنگ کے لیے آئے اور فخرزمان کےساتھ ملکر اسکور بورڈ میں صرف 10 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد سلمان ایک رنز بناکر میر حمزہ کی وکٹ بنے جب کہ کپتان میکلم بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔



ایک سائیڈ سے وکٹیں گرنے کے باوجود فخرزمان نے اپنی جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد سنچری بنانے کا ٹارگٹ رکھا۔



بدقسمتی سے فخرزمان 6 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے مگر انہوں نے 50 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 بلندوبانگ چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔



فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز گلریز صدف نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھلی جس میں 2 چھکے بھی شامل تھے۔



سنیل نارائن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 14 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے انور علی، راحت علی، میر حمزہ اور حسن خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔