ملتان سلطانز پر زوال دوسروں کی نظر ِ کرم کے محتاج ہو گئے

سیمی الیون کی دونوں میچز میں فتح دیگر ٹیموں کو مشکل میں ڈال دے گی۔


Sports Desk March 15, 2018
پلے آف تک رسائی کیلیے پشاور زلمی کی کراچی کنگزیالاہورقلندرز کے ہاتھوں شکست کی دعائیں کرنا ہوںگی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ملتان سطانز پر زوال آگیا جب کہ پی ایس ایل تھری میں دوسروں کی نظر کرم کے محتاج ہوگئے۔

پی ایس ایل تھری میں بطور چھٹی ٹیم جگہ بنانے والی نئی فرنچائز ملتان سلطانز نے افتتاحی مقابلے میں ہی دفاعی چیمپئن کیخلاف 7 وکٹ سے کامیابی کے ساتھ اپنی دھاک بٹھائی،پھر لاہور قلندرز کو 43 رنز سے زیر کرتے ہوئے بھرپور داد سمیٹی، ابتدائی 6 مقابلوں میں صرف ایک ناکامی کے ساتھ 9 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ٹیم کو ریورس گیئر لگ گیا۔

سنسنی خیز مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان آل راؤنڈر حسان خان نے آخری اوور میں چھکا لگا کر فتح چھینی تو ملتان سلطانز کے حوصلے پست ہونا شروع ہوگئے،اگلے مقابلے میں ایونٹ کی ناکام ترین ٹیم لاہور قلندرز نے زیر کرکے مسلسل 6شکستوں کے بعد پہلی فتح کا مزا چکھ لیا۔

خود پی ایس ایل تھری سے باہر ہونے والی ٹیم اس بار ملتان سلطانز کو بھی لے ڈوبی،کراچی کنگز کے بعد 10ویں اور آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ناکامی سے دوچار کیا، مسلسل 4 شکستوں کی وجہ سے ملتان سلطانز کا اب اپنا تو کوئی میچ نہیں اور وہ دوسری ٹیموں کے نتائج کا سہارا لے کر اگلے مرحلے تک رسائی کی راہ تک رہے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ کی ٹیمیں پہلے ہی پلے آف کھیلنے کا حق حاصل کرچکیں،لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوچکے، گذشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے میچ کا نتیجہ بقا کی جنگ لڑنے والی کسی بھی ٹیم کیلیے اہم نہیں تھا۔

شعیب ملک الیون کی دعائیں ہونگی کہ جمعرات کو کھیلے جانیوالے میچ میں 9پوائنٹس کی حامل کراچی کنگز کو 6 پوائنٹس رکھنے والی پشاور زلمی کیخلاف فتح نصیب ہو، اس طرح نہ صرف شہرقائد کی ٹیم 11پوائنٹس کیساتھ خود پلے آف مرحلے تک جائیگی بلکہ اپنے ساتھ ملتان سلطانز کو بھی لے جائیگی، یوں لاہور قلندرز کے بعد پشاور زلمی ایونٹ سے باہر ہونے والی دوسری ٹیم بنے گی۔

پشاور زلمی نے کراچی کو ہراکر اپنے پوائٹنس 8کرتے ہوئے بقا کی امیدیں زندہ رکھیں تو ملتان سلطانز اور کراچی کنگز دونوں کو پشاور زلمی کی آخری میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔

اگر پشاور زلمی نے یہ میچ بھی جیت کر اپنے پوائنٹس 10کر لیے تو پھر راؤنڈ کے آخری مقابلے پر نگاہیں مرکوز ہونگی جہاں کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف لازمی کامیابی درکار ہوگی، شہر قائد کی ٹیم کو شکست ہوئی تو اس کے اور ملتان سلطانز کے پوائنٹس9،9رہ جائیں گے، دونوں ٹیموں میں بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم پیش قدمی جاری رکھے گی۔

اس وقت کراچی کا رن ریٹ 0.184جبکہ ملتان سلطانز کا -0.19ہے، شعیب ملک الیون تمام میچ کھیل چکی اس لیے بہتری نہیں لاسکتی،اس کو کراچی کی بڑے مارجن سے شکستوں کا انتظار رہے گا۔

گزشتہ ایونٹس میں مشکل سے پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے والی ٹیمیں بھی فائنل کھیل یا ٹائٹل پر قبضہ جما چکی ہیں،اس بار بھی ملتان سلطانز کراچی کنگز اور پشاور زلمی میں سے بھی کوئی ٹیم وننگ ٹریک پر واپس آکر کراچی میں ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کرسکتی ہے جب کہ شارجہ میں جاری مرحلے میں صورتحال واضح ہوتی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |