پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔


ویب ڈیسک March 15, 2018
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ تھری کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے اہم میچ میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی نے کامران اکمل کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ اوورز میں 181 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز 137 رنز ہی بناسکی۔



کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا، بابر اعظم اور جوئے ڈینلی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈینلی کھاتہ کھولے بغیر ہی حسن علی کا شکار بن گئے۔جس کے بعد کولنگ انگرام بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہاب ریاض نے انہیں بھی کھاتہ کھولنے کی مہلت نہ دی اور وہ بھی بنا کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔



دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہوجانے کے بعد لیام ڈاسن نے کراچی کے مڈل آرڈر کو اڑا کر رکھ دیا، انہوں نے مورگن، روی بوپارا اور شاہد آفریدی جیسے اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر میچ میں پشاور کی گرفت مضبوط کردی۔



پی ایس ایل تھری میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے انگلش ٹیم کے کپتان ایون مورگن کی اننگز بھی 5 رنز تک ہی محدود رہی جب کہ روی بوپارا بھی 7 رنز ہی بناسکے تاہم شاہد آفریدی نے مسلسل 4 گیندوں پر 4 بلند وبانگ چھکے لگائے مگر وہ بھی 26 رنز پر ہمت ہار گئے۔



دوسری جانب اوپننگ بلے باز بابر اعظم ایک اینڈ سے اپنی وکٹ روکے رکھے اور مسلسل اسکور بورڈ میں اضافہ کرتے رہے، اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن 50 گیندوں پر 66 رنز کی اہم اننگز کھیل کر وہ آؤٹ ہوگئے، انہیں وہاب ریاض نے پویلین بھیجا۔ محمد رضوان 16 اور اسامہ میر 9 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور کامران اکمل نے کیا تاہم حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے ڈیوان اسمتھ بھی صرف 15 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

ڈیوان اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسلز بھی عثمان خان کی گیند پر روی بوپارہ کو کیچ دے بیٹھے، اس موقع پر کامران اکمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 75 رنز بنائے، سعد نسیم نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 18 گیندوں پر 35 رنز بنائے تاہم 160 کے مجموعی اسکور پر عثمان خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کامران اکمل اور عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان ڈیرن سیمی نے کراچی کنگز کے بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور 15 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بناڈالے، ڈیرن سیمی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔