نگران حکومت کی اولین ترجیح شفاف اور منصفانہ عام انتخابات کا انعقاد ہے نجم سیٹھی

کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جو عوامی مفادات کے خلاف ہو، نجم سیٹھی


ویب ڈیسک April 05, 2013
کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جو عوامی مفادات کے خلاف ہو، نجم سیٹھی فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی اولین ترجیح شفاف اور منصفانہ عام انتخابات کا انعقاد ہے، بسنت منانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اخبارات و ٹی وی چینلز کے مالکان، ایڈیٹرز، اینکرز اور سینئر صحافیوں کے ساتھ ملاقات کی، اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ تفریحی سرگرمیوں میں شرکت عوام کا حق ہے لیکن کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جو عوامی مفادات کے خلاف ہو، بیوروکریسی میں رد و بدل کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا اور غیر جانبدار افسران تعینات کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کی تعیناتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، نئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب پر کسی نے اعتراض نہیں کیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق ایس ایچ اوز سے لے کر افسران تک کے تبادلے ہوں گے۔ کابینہ میں غیر جانبدار اور غیر سیاسی وزراء شامل کئے ہیں، میرا خیال ہے کہ 8 وزراء سے امور حکومت چلائی جاسکتی ہے، نئے وزراء کی کابینہ میں شمولیت جلد ہوگی، انہوں نے کہا کہ وزراء کو 4 سے 5 محکمے دے کر حکومتی امور چلائے جائیں گے باقی جو منصوبے چل رہے ہیں وہ چلتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی ممکنہ وباء سے بچاؤ کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، انسداد ڈینگی مہم کے ایکشن پلان پر پوری طرح عملدرآمد ہو رہا ہے، اسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

نجم سیٹھی نے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے لئے اچھے سے اچھا اقدام اٹھائیں، امن و امان کی بہتری اور سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، جرائم کے خاتمے کے لئے پولیس رات کو بھی پٹرولنگ کرے گی، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، عام انتخابات کے دوران ریلیوں اور جلسے جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھ کر اقدامات اٹھا رہی ہے، پنجاب میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے وفاق سے بات کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں