نواز شریف کے حلقہ 119سے کاغذات نامزدگی منظور 120 کا فیصلہ 7اپریل کو سنایا جائیگا

حلقہ 120 سے ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار کی جانب سے داخل کئے گئے اعتراضات کافیصلہ7 اپریل کوسنایا جائے گا


ویب ڈیسک April 05, 2013
ریٹرننگ افسر نے قرار دیا کہ حلقہ 119سے نوازشریف پر لگائے جانے والے اعتراضات کا واضح ثبوت نہیں دیا جا سکا جس پر ان کے کاغذات درست قرار دئیے جاتے ہیں فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے حلقہ این اے 119 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے جب کہ حلقہ 120 سے کاغذات نامزدگی کا فیصلہ 7 اپریل کوسنایا جائے گا۔

نواز شریف کی جانب سے لاہور کے حلقہ این اے 119 اورحلقہ 120 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھےحلقہ 119 پر مسلم لیگ(قاسم) اورحلقہ 120 پر ان کے مد مقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار سہیل ملک نے اعتراضات دائر کئے تھے۔

حلقہ 119 پر مسلم لیگ(قاسم) کے رہنما محمد اشفاق نے اعتراض دائر کیا تھا کہ مسلم لیگ(ن)نے ناجائز طور پر لاہور کی ڈیوس روڑ پر واقع مسلم لیگ ہاؤس پر قبضہ کر رکھا ہے جب کہ حلقہ 120 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار سہیل ملک نے اعتراض داخل کیا تھا کہ نوازشریف اصغرخان کیس میں ڈیفالٹرہیں اس کے علاوہ وہ ایک آمر سے ڈیل کرکے بیرون ملک گئے اس لئے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔

حلقہ این اے 119 سے ریٹرننگ افسر نے نوازشریف کے کاغذات نامزدگی کو درست قرار دیتے ہوئے تمام اعتراضات مسترد کردیئے،ریٹرننگ افسر نے قرار دیا کہ ان پر لگائے جانے والے اعتراضات کا واضح ثبوت نہیں دیا جا سکا جس پر کاغذات درست قرار دئیے جاتے ہیں جب کہ حلقہ 120 سے ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے سہیل ملک کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کا فیصلہ 7 اپریل کو سنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں