اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے گروپ میچز کے آخری مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقرر اوورز میں 147 رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر 10 گیندوں پہلے ہی حاصل کرلیا۔
اسلام آباد کی جانب سے جے پی ڈومینی اور لیوک رونکی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن رونکی دوسرے ہی اوور میں 10 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
الیکس ہیلز تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور ڈیومینی کے ساتھ ملکر 55 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ہیلز صرف 16 رنز ہی بناسکے، انہیں واٹسن نے پویلین واپس بھیجا۔
ڈیومینی نے شاداب خان کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا مگر شاداب بھی 18 رنز بنانے کے بعد واٹسن کا ہی شکار بنے۔ ڈیومینی نے طلعت حسین کے ساتھ ملکر 44 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور وہ 54 رنز بناکر راحت علی کا شکار بنے۔
حسین طلعت نے 17 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ آصف علی بھی 18 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا مگر واٹسن تیسرے ہی اوور میں 8 رنز بناکر سمیت پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
عمر امین تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور جیسن روئے کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ میں کچھ ہی رنز کا اضافہ کیا تھا کہ روئے بھی 17 رنز بناکر عماد بٹ کا شکار بن گئے۔
کیون پیٹرسین بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے وہ صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم عمر امین نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ملکر 64 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد امین 28 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
سرفراز احمد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے جب کہ بعد میں آنے والے بلے بازوں میں کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا، انور علی 2 اور محمد نواز صرف ایک رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، ریلی روسوو 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، عماد بٹ نے 2 جب کہ طلعت حسین اور سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے اسلام آباد یونائیٹڈ 14 پوائںٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل پر سہرفہرست ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 پوائںٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ کراچی 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ملتان سلطانز 9 ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے، پشاور زلمی کی 8 پوائںٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن ہے۔