کراچی کنگز نے بھی پلے آف مرحلے کیلیے کوالیفائی کرلیا

دبئی میں پہلے پلے آف میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز 18 مارچ کو مدمقابل ہوں گے۔


ویب ڈیسک March 16, 2018
کراچی کی جانب سے عثمان شنواری نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ کے آخری گروپ میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹ سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان سپر لیگ تھری کے سنسنی سے بھرپور مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گروپ راؤنڈ کے آخری میچ میں کراچی کنگز کی عمدہ بولنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 124 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 3 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔

دبئی میں پہلے پلے آف میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز 18 مارچ کو مدمقابل ہوں گے جس کے بعد سارے مقابلے لاہور اور کراچی میں ہوں گے۔ پوائںٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے، کراچی کنگز دوسرے ،پشاور زلمی تیسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھے نمبر پر موجود ہے۔



کراچی کنگز کی جانب سے خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے اننگز کا آغاز کیا مگر خرم 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لیے اور ڈینلی کے ساتھ ملکر 36 رنز کا اضافہ کیا۔

ڈینلی بھی 36 رنز کی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کا شکار بنے جس کے بعد کپتان مورگن خود بیٹنگ کے لیے لیکن صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کولم انگرام اور بابر اعظم نے بالترتیب 31 اور 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔



اس سے قبل ایونٹ کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز کے کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد کی جانب سے جے پی ڈومینی اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عثمان شنواری نے دوسرے ہی اوور میں ڈومینی کو پویلین بھیج کر کراچی کو پہلی کامیابی دلوائی، وہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

محمد عرفان نے دوسرے اوپننگ بلے باز ہیلز کو بھی 11 رنز پر پویلین واپس بھیج کر کراچی کی میچ میں گرفت مضبوط کردی۔



اوپنرز کے جلد پویلین لوٹ جانے کے بعد کپتان مصباح الحق خود بیٹنگ کے لیے اوپر آئے اور چیڈوک والٹن کے ساتھ ملکر 29 رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاہد آفریدی نے دونوں کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج کر اسلام آباد کی پوزیشن مزید کمزور کردی، مصباح 19 اور والٹن 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔



حسین طلعت بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف ایک رنز پر ہی محمد عرفان کا شکار بنے جس کے بعد شاداب خان بھی 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور فہیم اشرف کی اننگز بھی 4 رنز تک محدود رہی۔



ظفر گوہر 3 اور اسٹیون فن کوئی رنز نہ بناسکے جب کہ آصف علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 رنز کی اننگز کھیلی اور آخری وقت تک وکٹ پر موجود رہے۔



کراچی کی جانب سے عثمان شنواری نے 4، شاہد آفریدی اور محمد عرفان نے 2،2 جب کہ محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پلے آف کے تین مقابلوں میں سے پہلا یو اے ای جب کہ دوسرا اور تیسرا مقابلہ لاہور ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔