پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دیکر پلے آف مرحلے کیلیے کوالیفائی کرلیا

کامران اکمل نے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بناکر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کی۔ا

کامران اکمل نے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بناکر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کی۔ا فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان سپرلیگ تھری کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی دھواں دار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 2 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔



پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور رکی ویسلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ویسلز دوسرے ہی اوور میں 4 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ڈیون اسمتھ بھی صرف 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کامران اکمل نے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ کے ساتھ ملکر 87 رنز کی اہم شراکت قائم کی لیکن حفیظ 27 رنز بنانے کے بعد کامران کا ساتھ چھوڑ گئے۔



دوسری جانب کامران اکمل نے آج ٹھان رکھی تھی کہ وہ پشاور زلمی کو ہر حالت میں میچ جتوا کر پلے آف مرحلے میں پہنچائیں گے جس میں وہ کامیاب بھی رہے، کامران نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے61 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔


شاندار سنچری اسکور کرنے پر کامران اکمل کو نہ صرف میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا بلکہ ٹورنامنٹ کا ٹاپ اسکورر بننے پر انہیں حنیف محمد کیپ بھی پہنائی گئی۔ کامران اکمل نے پی ایس ایل تھری میں پہلی سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ میں ٹاپ اسکورر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔




اس سے قبل پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ تو اننگز کا آغاز فخرزمان اور ڈیوسچ نے کیا تاہم 19 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اوپنر فخرزمان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان برینڈن مک کولم کریز پر آئےلیکن وہ صرف 7 رنز ہی بناسکے اور سمین گل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔




کپتان برینڈن مک کولم کے آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوسچ اور آغاسلمان نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور 95 تک پہنچایا تاہم آغا سلمان 28 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔



اوپننگ کے لیے آنے والے ڈیوسچ نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 42 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔



119 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد گلریز صدف اور سہیل اختر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے لاہور کا اسکور آگے بڑھایا، گلریز نے 26 جب کہ سہیل اختر نے صرف 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس کی بدولت لاہور قلندرز مقررہ اوورز میں 172 رنز بناسکی۔

Load Next Story