بھارت میں ہراساں کیے جانے کا معاملہ پاکستانی ہائی کمشنر وطن واپس پہنچ گئے

ہائی کمیشن عملے کے اہل خانہ کو بھی تنگ کیا جاتا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر


ویب ڈیسک March 16, 2018
بھارت سے شکایات کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی، پاکستانی ہائی کمشنر ۔ فوٹو : فائل

بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کوہراساں کیے جانے کے معاملے پروزارت خارجہ کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نئی دلی سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 271 کے ذریعے شام لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئی دلی میں پاکستانی سفارتی اہل کاروں کو 7 مارچ سے ہراساں کیا جارہا ہے جب کہ ہائی کمیشن عملے کے اہل خانہ کو بھی تنگ کیا جاتا ہے، نئی دلی میں پاکستانی سفارتی عملے کا باہر نکلنا مشکل ہوگیا، لوگ بلاوجہ گاڑیاں روک کر کھڑے ہوجاتے ہیں جب کہ شکایات کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشاورت کے لئے بلایا گیا ہے اورپاکستانی حکام سے مشاورت کے بعد میڈیا سے بات ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:بھارت میں سینئر پاکستانی سفارت کار کو ہراساں کیا گیا

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے نئی دلی میں تعینات پاکستانی سفارتی اہل کاروں اور ان کے اہل خانہ کوہراساں کیا جارہا ہے، پاکستان کے احتجاج کے باوجود بھارتی وزارت خارجہ کی طرف کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، ایسے حالات میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو فوری طور پر واپس پاکستان بلایا گیا ہے جب کہ ترجمان دفترخارجہ واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان اپنے سفارت کاروں کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں