ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں 019 فیصد کمی

انڈے، چینی، پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی، دالوں، آٹے سمیت 19 اشیا کی قیمتیں گھٹ گئیں۔


پیاز کی قیمت 80 روپے کلو تک پہنچ گئی، سالانہ بنیادوں پر افراط زر میں 4.84 فیصد اضافہ۔ فوٹو : فائل

ملک میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی(افراط زر) کی شرح میں 0.19 فیصد کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پرافراط زر کی شرح میں 4.84 فیصد اضافہ ہوا۔

اس دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،19 کی قیمتوں میں کمی اور23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ پاکستانی بیورو شماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 4 اپریل 2013کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8 ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی(افراط زر) کی شرح میں0.26فیصد، 12 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.23 فیصد، 18 ہزار آمدن والوں کے لیے 0.20 فیصد، 35 ہزارانکم گروپ کے لیے0.18 فیصد اور 35 ہزار تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے مہنگائی (افراط زر)کی شرح میں 0.15 فیصد کمی ہوئی۔



اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے جن 11اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں سب سے زیادہ اضافہ پیاز کی قیمت میں ہوا اور ملک میں پیاز کی اوسط قیمت 12.55فیصد کے اضافے سے 59.55 روپے فی کلوگرام رہی، اسلام آباد میں تو قیمت 80روپے کلوگرام تک پہنچ گئی جبکہ راولپنڈی میں 75، لاہورو پشاور میں 70اور کراچی میں60روپے کلو گرام رہی۔

اس کے علاوہ لانگ کلاتھ، ٹماٹر، لان، دال کی پکی پلیٹ، لہسن، اری 6 چاول، شرٹنگ، دال مسور، جارجٹ اور پکانے کاتیل (ٹن) کی قیمتوںمیں بھی اضافہ ہوا۔اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ کمی انڈے 6.78 فیصد، چینی4.75فیصد،سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی) کی قیمت میں 2.30 فیصدہوئی جبکہ کیلے، دال چنا، آٹے، ایل پی جی، گندم، مٹی کاتیل، سرسوں کاتیل، پٹرول، ڈیزل، آلو، دال مونگ، زندہ مرغی، ویجیٹیبل گھی (کھلا)، جلانے کی لکڑی، گڑ اور دال ماش کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، اس کے علاوہ23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں